موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان، اسکولز تین ماہ کیلئے بند رہیں گے

پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبے بھر کے تمام اسکولوں میں موسم گرما کی تین ماہ طویل تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

وزیر تعلیم کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز 22 مئی سے ہوگا جو 23 اگست تک جاری رہیں گی، جس کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 24 اگست سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے اس فیصلے کی تصدیق اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے بھی کی ہے تاکہ والدین اور طلبہ تک یہ معلومات فوری طور پر پہنچ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں الیکشن ڈیسک قائم؛ ضلعی انتظامیہ کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ

واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ملک کے بیشتر حصوں میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی یا جلد چھٹیوں کی تجویز دی جا رہی تھی۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے بھی ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی ہدایات جاری کی تھیں، جس میں تپتی دھوپ اور لو سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا گیا تھا۔

حکومتی ایڈوائزری میں اسکولوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ شدید گرمی کی صورت میں بیرونی کھیلوں اور تمام سرگرمیوں کو فوری طور پر معطل کریں، اسکولوں میں پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور ہوا کے گزرنے کے ساتھ ساتھ پنکھوں اور کولنگ سسٹم کو فعال رکھا جائے۔ موجودہ موسمی صورتحال اور بچوں کی صحت کے پیش نظر حکومت نے اب باقاعدہ طور پر طویل تعطیلات کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلبہ کو ہیٹ ویو کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔

Scroll to Top