آزاد جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے نئے جاری شدہ اشتہار نمبر 2/2026 کی مختلف اسامیوں کے سلیبس اور امتحانی پیٹرن کے حوالے سے امیدواروں میں پایا جانے والا تذبذب ختم ہو گیا ہے اور کمیشن نے امتحانات کے طریقہ کار کی مکمل وضاحت کر دی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی مشتہر شدہ اسامیوں پر امتحانات پبلک سروس کمیشن کے مارچ 2026 میں جاری کردہ نئے سلیبس کے مطابق منعقد ہوں گے، جس کا اطلاق اسسٹنٹ کمشنر، سیکشن آفیسر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اور اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ پولیس ہوم ڈیپارٹمنٹ کی اسامیوں پر بھی کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹس سید شاہد بہار کل بطور قائم مقام چیف جسٹس ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر حلف اٹھائیں گے
اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی اسامیوں کے لیے امیدواروں کو پہلے 200 نمبرات کے اسکریننگ ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا جس میں 100 نمبرات حاصل کرنے والے امیدوار ہی اگلے مرحلے یعنی 1200 نمبرات کے مرکزی تحریری امتحانات کے لیے منتخب ہو سکیں گے، جبکہ آن لائن فارم اور مضامین کے انتخاب کی سہولت بھی اسکریننگ ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ہی فراہم کی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے 600 نمبرات کے لازمی مضامین میں سے اردو، انگریزی اور اسلامیات کے پرچے موضوعی یعنی ڈسکرپٹیو ہوں گے جبکہ کرنٹ افیئرز، پاکستان افیئرز اور جنرل سائنس کے پیپرز ایم سی کیوز پر مشتمل ہوں گے، اسی طرح 600 نمبرات کے تمام اختیاری مضامین کے پیپرز بھی صرف ایم سی کیوز بیسڈ ہوں گے۔
دیگر اسامیوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سیکشن آفیسر محتسب اور پلاننگ آفیسرز کے سلیبس کی تبدیلی کا فیصلہ تاحال حتمی نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے ان کا سلیبس تاحکمِ ثانی پرانا ہی رہے گا، تاہم ترمیم کی صورت میں بھی پلاننگ آفیسرز کا سلیبس ایم سی کیوز بیسڈ ہی رکھا جائے گا۔ مزید برآں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلک سروس کمیشن، اسسٹنٹ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اور ریفیوجی ویلفیئر آفیسر کی اسامیوں کے لیے 100 نمبرات کا جی اے ٹی (GAT) جنرل ایبیلیٹی ٹیسٹ لیا جائے گا جو مکمل طور پر ایم سی کیوز پر مشتمل ہوگا۔




