آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے پشت بان ہیں، بھارت کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دے،شاہ غلام قادر

آزاد جموں و کشمیر کے سابق سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ مسلح افواج پاکستان کے پشت بان ہیں۔ انہوں نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر ہم ایل او سی پر رہنے والے لوگ ہر وقت بھارتی فوج کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ کشمیر کو میلی آنکھ سے نہ دیکھیں، کیونکہ آپ کو نہ مقبوضہ کشمیر اور نہ آزاد کشمیر کے عوام تسلیم کرتے ہیں، لہٰذا بہتر ہے کہ آپ کشمیر سے نکل جائیں۔

شاہ غلام قادر نے آپریشن “بنیان مرصوص” اور معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کہا کہ اس شاندار کامیابی کے بعد پاکستان کا نام دنیا میں بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل بھارت کو جس طرح ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی فضائیہ تباہ اور گراؤنڈ ہو گئی، یہ ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بے مثال کارکردگی دکھائی۔ سیاسی محاذ پر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جو اقدامات ہوئے، اس کی بدولت آج دنیا پاکستان کو تسلیم کرتی ہے اور عالمی جھگڑوں میں ثالثی (Mediation) کے لیے پاکستان کا نام لیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ: شاہ غلام قادر کی درخواست پر حکومت سے 3دن میں جواب طلب

صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نے واضح کیا کہ بھارت کو پچھلی دفعہ اچھی مار پڑی تھی اور ان کے جدید طیاروں کا نقصان ہوا تھا، اگر وہ عقلمند ہوں گے تو پاکستان کی طرف نہیں آئیں گے اور مل بیٹھ کر کشمیر کا مسئلہ حل کریں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ ہٹ دھرمی دکھائی تو اس دفعہ ہم اور بڑا معرکہ ماریں گے اور بھارت کا انجام عبرت ناک ہوگا۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلح افواجِ پاکستان کے پاس اللہ تعالیٰ کے بعد سب سے بڑی سپورٹ کشمیری عوام کی ہے اور سب نے دیکھا کہ کس طرح یہاں کے عوام نے اپنی فوج کا ساتھ دیا، یہی وجہ ہے کہ بھارت کی ہمت آزاد کشمیر کی طرف آنے کی نہیں ہوئی۔کشمیری عوام کے لیے پیغام میں انھوں نے کہا کہ جس دیدہ دلیری سے وہ بھارتی فوج سے لڑے ایک دن اسی طرح ہم مقبوضہ کشمیر کہ آزاد کروا لیں گے انشااللہ، ہم تقسیم شدہ خاندانوں کی ذندگی گزار رہے ہیں۔

شاہ غلام قادر نے اپنے انٹرویو میں اس بات پر زور دیا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جمہوریت کا دعویدار ہے تو اسے جمہوری فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ کشمیر کے عوام خود فیصلہ کر سکیں۔ بھارت اسی لیے ڈرتا ہے کیونکہ کشمیری عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اگر اپنے آپ کو جمہوری ملک قرار دے رہا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں، کیونکہ جب تک کشمیریوں کو حقِ خودارادیت نہیں دیا جائے گا، خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو قائم و دائم رکھے، ہم کل بھی پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ تھے اور آج بھی ان کے ساتھ ہیں۔

مزید پڑھیں: شاہ غلام قادرکی حکومتی تعلیمی پیکیج کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع

Scroll to Top