راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)معرکۂ حق میں کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک پُروقار اور خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں پاک فوج ، فضائیہ اور بحریہ کی اعلیٰ عسکری قیادت شریک ہوگی ۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہوں گے، جو اس موقع پر اہم خطاب بھی کریں گے ۔
ان کے ہمراہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں شرکت کریں گے ۔
تقریب کا آغاز یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے کیا جائے گا، جہاں وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:’’معرکۂ حق‘‘برطانیہ، فرانس ، آسٹریا میں بھی مقیم پاکستانیوں کا افواج پاکستان کو خرا ج تحسین
اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی دیں گے جبکہ قومی عزم، اتحاد اور دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا ۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف نے قوم اور افواجِ پاکستان کو معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔
عسکری قیادت نے اس کامیابی کو قومی اتحاد، عوامی اعتماد اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت قرار دیا ۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکۂ حق کی تاریخی فتح : سمعیہ ساجد کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین
بیان میں مزید کہا گیا کہ معرکۂ حق میں کامیابی افواجِ پاکستان کی بہترین حکمتِ عملی، غیر متزلزل عزم اور اعلیٰ تربیت کا مظہر ہے جبکہ اس کامیابی نے عوام اور مسلح افواج کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنایا ہے ۔




