عاصم افتخار

پاکستان عالمی سفارتکاری میں اُبھرتا ہوا اہم کھلاڑی : عاصم افتخار کا دعویٰ

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ “معرکہ حق” کے بعد گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے عالمی سطح پر نمایاں پیش رفت کی ہے اور اس کا سفارتی کردار پہلے سے زیادہ مؤثر ہوا ہے ۔

نیویارک میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اب عالمی برادری میں ایک ایسے ملک کے طور پر اُبھر رہا ہے جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی استحکام میں بھی مثبت کردار ادا کر رہا ہے ۔

ان کے مطابق پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی کوششوں کے باعث دنیا بھر میں اس کی بات کو زیادہ سنجیدگی اور توجہ سے سنا جا رہا ہے ۔

عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان نے مختلف عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اپنی پوزیشن پیش کی ہے، جس کے نتیجے میں اس کی سفارتی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افغانستان سے دہشتگردی دنیا بھر کے امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، عاصم افتخار

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفتوں اور مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سفارتی عمل میں پاکستان کی کوششوں اور کردار پر بین الاقوامی حلقوں کی گہری نظر ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مکالمے کو فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان، بھارت کی آبی دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے ، عاصم افتخار

پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کی سفارتکاری نہ صرف علاقائی امن کیلئے اہم ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی بھی عکاس ہے ۔

Scroll to Top