کوئی افسریا اہلکار سیاسی معاملات میں ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی ہوگی، آئی جی

مظفرآباد:انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس آزادکشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پولیس مکمل غیر جانبداری کے ساتھ صاف، شفاف اور سازگار ماحول میں انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

ڈالا کلچر، اسلحے کی نمائش یا اسلحے کے زور پر کسی کو دھمکانے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس بغیر کسی دباؤ کے غیر جانبداری سے آزادکشمیر کے انتخابات میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنے فرائض سرانجام دے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ہم پہلے بھی بنیان مرصوص کی مانند کھڑے تھے،کھڑے رہیں گے،آئی جی لیاقت علی ملک

ٹی وی جرنلسٹس آزاد کشمیر کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ الیکشن کے دوران پُرامن ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہم عوام کے محافظ ہیں۔

ہمارا کام پُرامن ماحول میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے، کون جیتتا ہے یا کون ہارتا ہے یہ پولیس کا کام نہیں۔ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکارسیاسی معاملات میں کسی کو سپورٹ کرے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کرے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ریاست بھر میں تمام پولیس افسران کو واضح ہدایات دے دی گئی ہیں کہ ہمارا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، ہمارے لیے سب قابل احترام ہیں اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان پولیس کو اغواء وقتل کے مقدمہ میں مطلوب 2ملزمان چناری سے گرفتار

انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی پولیس افسر یا اہلکار اگر کسی سیاسی جماعت کی مخالفت، بےجا حمایت یا اختیارات کے غلط استعمال میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام آزادانہ طور پر انتخابی عمل میں حصہ لیں، ان کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔