جکارتہ کے قریب واقع ایک جیل میں اچانک چھاپے کے دوران ایئر کنڈیشنرز، بڑی سکرین والے ٹی وی اور سوئمنگ پول سے لیس اپارٹمنٹ طرز کا کمپاؤنڈ سامنے آنے کے بعد پانچ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، اور یہ تمام سہولیات جیل میں موجود وی آئی پی قیدیوں کو دی جا رہی تھیں۔
جیل میں وی آئی پی کمپاؤنڈ کا انکشاف:
انڈونیشیا کے محتسب کے ادارے کی جانب سے سیبنونگ کلاس ٹو اے جیل میں اچانک مارے گئے چھاپے کے دوران بعض قیدیوں کے لیے غیر متوقع آسائشیں سامنے آئیں، جس پر ملک میں حیرت اور جیلوں میں اشرافیہ کو حاصل خصوصی مراعات پر ایک بار پھر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
جکارتہ کے باہر واقع چار ہیکٹر پر محیط سیبنونگ جیل درمیانے سے اعلیٰ درجے کی سکیورٹی والی جیل ہے، جہاں سفید پوش جرائم میں ملوث افراد سمیت دیگر سنگین جرائم کے مرتکب افراد قید ہیں۔ محتسب کی ٹیم صحافیوں کے ہمراہ جیل پہنچی تو اس نے لکڑی کی باڑ سے گھرے ایک علاقے کو دیکھا اور اس کے بارے میں دریافت کیا، مبینہ طور پر محافظوں نے ابتدا میں انسپکٹرز کو وہاں جانے سے روکنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’’انکل کو بوڑھا ہونے تک جیل میں رکھا جائے‘‘متاثرہ بچی کے مطالبہ پر جج نے تاریخی فیصلہ سنا دیا
لگژری سہولیات اور خفیہ راستہ:
جیل کے سربراہ کی رہائش گاہ کے پیچھے باڑ سے گھرے اس حصے میں داخل ہونے کے بعد ٹیم نے کم از کم 10 رہائشی یونٹس دیکھے، جہاں ایئر کنڈیشنر، صوفے، فریج، کھانے کے لیے جگہ اور گھریلو آلات موجود تھے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیش کاروں کو کمپاؤنڈ کے اندر مہنگی گاڑیاں بھی ملیں، جن میں ٹویوٹا الفارڈ اور ٹویوٹا فورچونر شامل تھیں، تفتیش کاروں نے وہاں ایک سوئمنگ پول، جم اور گالف سمیولیٹر کی زیر تعمیر سہولت بھی دریافت کی۔
تفتیش کاروں کو ایک پچھلا راستہ بھی ملا جس کے ذریعے ملحقہ بانس کے جنگل اور کچرے کے ڈھیر سے گزرتے ہوئے لوگ سرکاری چیک پوسٹوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے اندر یا باہر جا سکتے تھے۔
محتسب کے دفتر کا مؤقف:
انڈونیشیا کے محتسب کے دفتر کی رکن سیافریدا رچماوتی راساہن نے پارلیمانی سماعت کے دوران کہا کہ اگر اسے نظامی طور پر درست نہ کیا گیا تو یہ مستقبل میں سامنے آنے والی بڑی خرابیوں کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں واضح شواہد ملے ہیں کہ بعض قیدیوں کو ایسی خصوصی سہولیات تک رسائی حاصل تھی جو عام قیدیوں کو میسر نہیں تھیں، ہمیں رہائشی کمپاؤنڈ کے اندر قیدی ملے اور ایسی سہولیات دریافت ہوئیں جو جیل کی رہائش گاہوں کے بجائے گھروں، اپارٹمنٹس اور ولاز سے مشابہ تھیں۔




