مظفرآباد میں الیکشن ڈیسک قائم؛ ضلعی انتظامیہ کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے پیشِ نظر انتخابی فہرستوں کی تیاری کا کام حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے کام کی رفتار بڑھانے کے لیے اپنی ہفتہ وار چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا عملہ اور افسران چھٹی کے روز بھی متحرک ہیں اور شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی الیکشن ڈیسک قائم کر کے شہریوں کو ووٹر لسٹوں سے متعلق سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر الیکشن، نوازشریف نے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کرلیا

اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد سید یاسر بخاری نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہر اہل شہری کا نام درست حلقے میں شامل کرنا ہے تاکہ آنے والے انتخابات کو مکمل طور پر شفاف اور غیر متنازع بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ جن شہریوں کے ناموں میں غلطیاں ہیں یا جن کے ووٹ غلط حلقوں میں درج ہو گئے ہیں، ان کی درخواستیں فوری طور پر وصول کی جا رہی ہیں تاکہ بروقت تصحیح ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی فہرستوں کی درستی دراصل جمہوری عمل کی بنیاد ہے اور اس قومی فریضے میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سید یاسر بخاری نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ان ڈیسک سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی ووٹر رجسٹریشن کی درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ پولنگ کے دن کسی بھی مشکل سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ نے اس پورے عمل کو میرٹ اور مکمل شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ووٹر فہرستوں میں ناموں کاغلط اندراج، چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ یکسو کرنے کا حکم

Scroll to Top