وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے اپنے دورہ میرپور کے دوران ایک بڑے عوامی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے یونین کونسل کھاڑک کے لیے گریٹر واٹر سپلائی سکیم فعال کر دی ہے۔ 23 کروڑ 52 لاکھ روپے کی خطیر لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وزرائے حکومت چوہدری ارشد حسین اور چوہدری یاسر سلطان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس واٹر سپلائی منصوبے کی بدولت یونین کونسل کھاڑک کے تقریباً 19 ہزار گھرانوں کو صاف پانی کے کنکشن فراہم کیے جا سکیں گے، جس سے علاقے میں پینے کے صاف پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا والہانہ استقبال کیا گیا، عوام کی بڑی تعداد نے ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعروں کی گونج میں ان کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: 14 ہزاربچوں کی آئی ٹی تربیت،وزیراعظم فیصل راٹھور کا نجی ادارووں کی معاونت کا اعلان
تقریب میں وزیر حکومت چوہدری علی شان سونی، مشیر حکومت سردار فہد یعقوب، ڈی جی پولیٹیکل آفیئرز عامر ذیشان جرال اور کوآرڈینیٹر وزیراعظم چوہدری ارشد بھی موجود تھے۔ اہلیانِ کھاڑک نے اس عظیم الشان منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم اور موجودہ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کھاڑک واٹر سپلائی منصوبہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کارکنوں اور عوام کے جوش و خروش کو سراہا اور یقین دلایا کہ میرپور کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔




