اسلام آباد میں پاکستان کنیکٹ کے زیرِ اہتمام ’معرکہ حق‘ کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی سطح پر بھی معرکہ حق لڑا اور اس میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں پاکستان آج دنیا بھر میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک سال بعد تمام حقائق واضح ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں پکڑا اور بھارت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ وہ پاکستان کی حراست میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں چمک رہا ہے اور عالمی سطح پر عسکری و سفارتی میدان میں پاکستان کا ایک خاص مقام ہے جس کا اعتراف دنیا بھر کی قیادت کر رہی ہے۔ معرکہ حق میں نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیانیے کی جنگ میں پاکستانی عوام نے ثابت کیا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،عطا اللہ تارڑ
عطا اللہ تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف کے پی ایم اے کاکول میں خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پہلگام واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شواہد طلب کیے، لیکن بھارت کی جانب سے کوئی ٹھوس جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر طبقہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے، چاہے وہ اے پی ایس کا سانحہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ۔ بھارت مسلسل دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے جبکہ پاکستان اس کے خلاف عملی جدوجہد میں مصروف ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ کشمیری عوام کی ہمت و جذبے کو سلام، جن کی ہمت اور جذبے کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ عطا تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے مضبوط بیانیے کی کامیابی کے پیچھے نوجوانوں، میڈیا پلیٹ فارمز اور انفلوئنسرز کا آئی ایس پی آر (ISPR) کے ساتھ مل کر بہترین ٹیم ورک شامل ہے، جس کی بدولت بھارت کو بیانیے کی جنگ میں بھی عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب وہ عالمی سطح پر مکمل طور پر غیر مؤثر ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا صارفین اور نوجوان نسل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی میڈیا کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب بھارت نے پاکستانی یوٹیوب چینلز بند کیے تو پاکستانیوں نے اپنے ملی نغمے اور قومی ترانے بھارت میں بھی نشر کر کے دشمن کو مؤثر جواب دیا اور پاکستان کے امن پسند تشخص کو اجاگر کیا۔




