بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی جانب سے ڈائنامک سروے میں رجسٹریشن اور نئے اندراج کے حوالے سے مکمل طریقہ کار جاری کر دیا گیا ہے۔ اس عمل کا مقصد مستحق گھرانوں کی درست رجسٹریشن کو یقینی بنانا ہے تاکہ امداد کی شفاف فراہمی ممکن ہو سکے۔
رجسٹریشن کے لیے درج ذیل مراحل پر عمل کرنا ضروری ہے:
سب سے پہلے امیدوار کو بی آئی ایس پی آفس میں قائم ڈائنامک رجسٹریشن ڈیسک پر تشریف لے جانا ہوگا۔ وہاں ڈیسک پر موجود عملے کو اپنا شناختی کارڈ اور بچوں کا نادرا سے جاری کردہ ‘ب’ فارم مہیا کرنا ہوگا۔ عملہ آپ کو نئے سروے یا اپ ڈیٹ سروے کے لیے ٹوکن جاری کرے گا۔ ٹوکن نمبر ملنے کے بعد آپ کو رجسٹریشن روم میں سروے کے لیے جانا ہوگا جہاں ڈیٹا انٹری آپریٹر آپ سے سماجی و معاشی معلومات پر مشتمل ضروری سوالات پوچھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم اور دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ
فارم مکمل ہونے کے بعد تصدیق کے لیے آپ سے اقرار نامے پر انگوٹھا لگوایا جائے گا۔ اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد آپ کو 8171 سے سروے کا تصدیقی میسج موصول ہوگا اور جانچ پڑتال کے بعد مستحق گھرانوں کو 8171 سے ہی اہلیت کا حتمی پیغام بھیجا جائے گا۔

رجسٹریشن کے عمل سے پہلے چند ضروری ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے 8171 سے میسج ملنے کے بعد بتائی گئی تاریخ کو بی آئی ایس پی کے تحصیل دفتر میں رجسٹریشن سینٹر پر تشریف لے جائیں۔ اس کے علاوہ وہ گھرانے جو ابھی تک سروے کا حصہ نہیں بنے وہ بھی وہاں جا سکتے ہیں۔ سینٹر پر آتے ہوئے اپنے ساتھ بچوں کا نادرا ‘ب’ فارم ضرور لائیں۔ نوٹ رہے کہ ڈیسک پر موجود عملے کو اپنا اصل شناختی کارڈ، بچوں کا ‘ب’ فارم اور رہائشی پتے کی تصدیق کے لیے گھر کا بجلی یا گیس کا بل بھی فراہم کریں۔




