پارلیمانی بورڈ کی سفارشات حتمی نہیں ہونگی، خواجہ فاروق کا حیران کن دعویٰ

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر/رکن پارلیمانی بورڈ خواجہ فاروق احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ پارلیمانی بورڈ کی سفارشات حتمی نہیں ہونکی، ٹکٹوں کا فیصلہ مرکزی قیادت کریگی۔

خواجہ فاروق نے تمام کارکنوں،راہنماؤں سے کہ پارلیمانی بورڈ نے 15اپریل سے آمدہ الیکشن 2026ء کے لیے امیدواروں سے درخواستیں لینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔درخواستیں بورڈ کے مرکزی دفتر اپر چھتر میں 25 اپریل تک جمع کرائی جاسکیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کی رجسٹریشن نہ ہونے پر کیا حکمت عملی ہوگی؟خواجہ فاروق نے بتا دیا

خواجہ فاروق احمد رکن پارلیمانی بورڈ نے کہا کہ 25 اپریل کے بعدتمام امیدواروں کے انٹرویو کیے جائیں گے پھر بورڈ کی جانب سے تجویز کردہ امیدواروں کے نام مرکزی پارٹی کو بھیجے جائیں گے جو خود بھی ان تجویز کردہ ناموں کی جانچ پڑتال کرکے بانی چیئرمین عمران خان کو حتمی منظوری کے لیے ارسال کریں گے۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کی سفارشات حتمی نہیں ہوں گی ان سفارشات کو مرکزی پارٹی اچھی طرح جانچ پڑتال کرسکے گی تاکہ آمدہ انتخابات میں عمران خان کے وفادار ساتھیوں کو ہی ٹکٹ جاری کیے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو جیل میں بند کیا ہوا ہے اب آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کے لیے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا مشکل ہوگا تو انہیں یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ 8فروری 2024ء کو بھی عمران خان جیل میں تھا اور پی ٹی آئی نے لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کی تھی،فارم 47 والا حربہ یہاں نہیں چلے گا۔

عمران خان کا نشان بلا ملے نہ ملے عمران خان کا نام ہی ہمارا انتخابی نشان ہوگا اور اب جو امیدوار الیکشن میں اتارے جائیں گے یہ 100 فیصد عمران خان کے ہر مشکل،ہر امتحان کے ساتھی ثابت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن پارلیمانی بورڈ کیخلاف سڑکوں پر آگئے،9مطالبات پیش

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو ان شاء اللہ 8 فروری 2024ء کی طرح جولائی 2026 میں بھی پی ٹی آئی کا عمران خان کا خاموش ووٹر اسی طرح کا سرپرائز دے گا کہ عمران خان کشمیریوں کی آواز ہے،آواز رہے گا۔

یاد رہے کہ پارلیمانی بورڈ کیخلاف نظریاتی کارکنوں نے اعلان بغاوت کررکھا ہے، خواجہ فاروق کا یہ بیان انہیں راضی کرنے کی کوشش ہو سکتی جس میں پیغام دیا گیا ہے کہ فیصلہ ہم نے نہیں اوپر سے ہونا ہے۔

Scroll to Top