وزیراعظم شہباز شریف کی محمد بن سلمان سے2 گھنٹے تفصیلی ملاقات، دو طرفہ تعاون مضبوط بنانے سمیت اہم فیصلے

وزیراعظم میاں شہبازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جدہ میں وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات تقریباً 2گھنٹے جاری رہی، اس دوران دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران کے مابین پیغامات کا تبادلہ،فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عباس عراقچی کی ملاقات کا پہلا دور مکمل

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے حالیہ صورتحال میں سعودی عرب کی جانب سے مثالی صبر اور تحمل کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سعودی قیادت کی سعودی عرب سمیت تمام امن پسند لوگوں کے لیے مثال ہے۔

اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کو سراہا، وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ادھروزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد ایکس پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر و تحمل کو سراہا۔

وزیراعظم نے بتایا ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوشی ہوئی،عباس عراقچی، پاکستان سے اظہار تشکر

شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اعادہ کیاکہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھےگا تاکہ خطے میں دیرپا امن یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

Scroll to Top