atta tarar

اسلام آباد کے تمام قیدیوں نے نئی ماڈل جیل میں منتقل ہونا ہے،عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ اسلام آباد کے تمام قیدیوں نے نئی ماڈل جیل میں منتقل ہونا ہے،اس میں بانی پی ٹی آئی بھی ہوں گے،اسلام آباد ماڈل جیل مکمل فعال ہونے کے بعد اسلام آباد انتظامیہ فیصلہ کرے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا کہ  ایران میں اجلاس پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، فیلڈمارشل کی کوشش کے نتیجے میں مسلم امہ ایک جگہ اکٹھی ہوئی، فیلڈمارشل عاصم منیر نے تہران اجلاس کو ممکن بنایا، تہران اجلاس کی تصاویر پوری دنیا نے دیکھیں، پاکستان پر امید ہے،تہران اجلاس کا اچھا نتیجہ نکلے گا۔

یہ بھی پڑھیں:رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی سے پس پردہ رابطوں کی تصدیق کردی

عطاتارڑ کا کہناتھا کہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا کہ پاکستان نے امن کیلئے کوششیں کیں، یہ پاکستان کیلئے فخر کا موقع ہے، امن کیلئے پاکستان کے کردارکی  دنیا معترف ہے۔28ویں ترمیم پرابھی کوئی مشاورت شروع نہیں ہوئی، ابھی دسمبر میں وقت ہے،مستقبل میں کیا ہو گا یہ وقت بتائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کےپی حکومت کی واپسی پر کوئی بات نہیں ہو گی، خیبرپختونخوا حکومت کا چیپٹر بند ہو چکا ہے، سہیل آفریدی کا مستقبل تاریک نظر آ رہاہے، سہیل آفریدی نے تحریک انصاف کا بیڑہ غرق کر دیا۔

ان کا کہناتھا کہ سہیل آفریدی،شاہدخٹک،میناخان آفریدی،شفیع جان نےپی ٹی آئی کابیڑہ غرق کر دیا، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا تھا، ریاست سمجھے گی کہ نقص امن کا خطرہ نہیں تو بہنوں کو رہا کر دیا جائے گا۔

 بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے بیانات بھارتی میڈیا نے چلائے، بہنوں نے اڈیالہ کے باہر ہنگامہ برپا کئے رکھا تھا، برطانیہ یا امریکہ ہوتا تو بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو سزائیں ہو چکی ہوتیں۔

ان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف کا وجود نہیں رہا،ان کے لوگ کمپرومائزڈ ہیں، پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ ہم سے ملتے رہتے ہیں،گلہ کرتے ہیں، جنید اکبر نے اسلام آباد کو سومنات کا مندر بنانے کا کہا تھا۔

 پی ٹی آئی پورے کےپی میں100،150لوگ بھی نہیں نکال سکی، محمود اچکزئی اسلام آباد کو کابل پر مقدم سمجھیں گے تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گرما گرمی، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

محموداچکزئی اسلام آباد کی بات بعد میں کرتےہیں،پہلے کابل کی کرتےہیں، محمود اچکزئی کو اسلام آباد کا ذکر زیادہ کرنا چاہیے، مولانافضل الرحمان ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔

 مولانافضل الرحمان قومی سلامتی کے معاملات کو سیاست سے الگ رکھیں، مولانافضل الرحمان کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کردارادا کرنا ہو گا، مولانافضل الرحمان کے پی میں مثبت کردار ادا کریں۔