مظفرآباد، غیرمعیاری، غیر رجسٹرڈ و ایکسپائرڈ ادویات کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ

مظفرآباد: ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر نعمان منظور بٹ کی زیر صدارت اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر مظفرآباد راجہ لیاقت علی خان کے زیر اہتمام مظفرآباد کے ڈسٹری بیوٹرز، ہول سیلرز ادویات و الائیڈ میٹریل کا اہم اجلاس ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ادویات کی مؤثر، معیاری اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے، ڈرگ ایکٹ اور متعلقہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد، ادویات کی کوالٹی برقرار رکھنے، سپلائی چین مینجمنٹ، مناسب اسٹوریج کنڈیشن، کولڈ چین مینجمنٹ، دورانِ ترسیل درجہ حرارت کو برقرار رکھنے، مکمل بل وارنٹی پر ادویات کی فروخت اور متعلقہ ریکارڈ کی درست تیاری جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈریپ نے ادویات کی قیمتوں سے متعلق وضاحت جاری کر دی

اجلاس میں میسوپروسٹول(Misoprostol)، ٹیبلٹ پریگابالین(pregabalin) اور نارکوٹکس سے متعلقہ ادویات صرف ڈرگ سیلز لائسنس نمبر 11 کے حامل میڈیکل سٹورز کو فراہم کرنے اور ان کی فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر نعمان منظور بٹ نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کی جائے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ اور ایکسپائرڈ ادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ادویات اور الائیڈ میٹریل کے لیے مناسب اسٹوریج کنڈیشن کو یقینی بنایا جائے، زائد المیعاد ادویات کو بروقت مارکیٹ سے ہٹایا جائے اور کسی بھی قسم کی مصنوعی قلت یا ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کیا جائے۔

لائف سیونگ ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور ناجائز منافع خوری کے عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ڈسٹری بیوٹرز اور ہول سیلرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اسٹاک اور لین دین کا مکمل اور درست ریکارڈ رکھیں اور دوران انسپکشن متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں: عام درد کش ادویات کیا نقصان پہنچا سکتی ہیں؟ ماہرین نے خبردار کر دیا

ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے غیر معیاری قرار دی گئی ادویات کو فوری طور پر مارکیٹ سے تلف کرنے کے لیے بھی تعاون یقینی بنایا جائے۔

مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ، لائسنس کی معطلی یا منسوخی سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں تمام ڈسٹری بیوٹرز اور ہول سیلرز ادویات سے متعلقہ قوانین اور ضوابط پر عملدرآمد، غیر معیاری، ایکسپائرڈ اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی،ادویات کی مناسب اسٹوریج (درجہ حرارت اور صفائی) ہر صورت یقینی بنانے، سپلائی چین کو بہتر بنانے کے لیے باہمی رابطہ اور کوآرڈی نیشن کومضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں تمام ڈسٹری بیوٹرز اور ہول سیلرزکو اپنے اسٹاک اور فروخت کا مکمل اور درست ریکارڈ رکھنے اور ڈرگ انسپکٹر کو پیش کرنے کا پابند کیا گیا۔

دوران سپلائی گاڑیوں میں اے سی فنکشنل ہونا ضروری قرار دیا گیااور ویکسینز کے لیے باقاعدہ کولڈ چین اور ٹمپریچر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم مقدار میں دستیاب ادویات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا اور انکی دستیابی میں کمی کی صورت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کو مطلع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کریں گے ، مصطفیٰ کمال

مارکیٹ میں چھ ماہ سے کم ایکسپائری والی ادویات کی فروخت ممنوع ہوگی اور ایکسپائرڈ ادویات کو بروقت تلف کیا جائے گا۔

عوام کو معیاری، محفوظ اور موثر ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع مظفرآباد میں ادویات کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور قانون کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

Scroll to Top