باغ (کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر باغ سید ممتاز حسین کاظمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کے دورہ باغ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ شہراور مضافاتی علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئےجامع ٹریفک پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے اندر ون وے کی پابندی لازمی ہوگی، کوہالہ سے باغ شہر تک سڑکیں کلیئر ہیں اور امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ شہری اپنی روزمرہ سرگرمیاں آزادانہ طور پر جاری رکھیں جبکہ تمام سرکاری ادارے وزیراعظم کے دورے کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی سے مہاجرین وفد کی ملاقات، بڑے مطالبات پیش کر دیئے
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر باغ نے وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کے دورہ باغ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے منعقدہ ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام ضلعی افسران نے اپنے اپنے محکموں کو تفویض کردہ ذمہ داریوں اور تیاریوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات اس انداز میں مکمل کئے جائیں کہ عام شہری کی روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی باغ آمد کے موقع پر دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کے عناصر نے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی تو ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جبکہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں:رٹ برقرار نہ رہی تو ریاست بھی نہیں بچے گی،وزیراعظم افتخار گیلانی
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے دورہ باغ کے دوران تمام انتظامات مربوط، مؤثر اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کئے جائیں گے۔




