کشمیر میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ، ملک بھر میں طوفانی موسم کی پیش گوئی

مظفرآباد: محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں کے لیے موسم کی شدید ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ 2 سے 4 اپریل کے دوران کشمیر کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث حساس پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی نیلم، جہلم، پونچھ اور گردونواح میں بارشوں کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جو کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع خضدار، آواران اور قلات سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں (Flash Floods) کی وارننگ دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ: محکمہ موسمیات کا4 اپریل تک الرٹ جاری

کراچی میں بھی جمعرات کی صبح آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ملیر اور گلشنِ اقبال سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم کے الیکٹرک نے احتیاطی تدابیر کے طور پر بعض علاقوں میں بجلی کی عارضی معطلی کا انتباہ دیا ہے۔ کسانوں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر مستحکم موسم کے پیشِ نظر بالائی علاقوں کے سفر اور فصلوں کے معاملے میں احتیاط برتیں۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کاسلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے سب بتا دیا!