تتہ پانی (کشمیر ڈیجیٹل) تتہ پانی پل کے قریب چند روز قبل ملنے والی نوجوان لڑکی کی لاوارث لاش کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔
پولیس تحقیقات کے مطابق مقتولہ کو لاہور سے نکاح کے بعد منڈھول نروٹہ لایا گیا تھا، جہاں سے بعد ازاں اس کی لاش تتہ پانی کے دریا سے برآمد ہوئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمن کی ملاقات، آزادکشمیر میں انتخابی اتحاد پرغور
ابتدائی طور پر اس افسوسناک واقعے پر علاقے میں پراسرار خاموشی چھائی رہی۔ نہ لڑکی کو لانے والا شخص، نہ گھر کے افراد، نہ پڑوسی اور نہ ہی رشتہ دار حقیقت سامنے لانے کیلئے تیار ہوئے جس سے معاملہ مزید مشکوک ہوتا گیا اور پورا محلہ سوالات کی زد میں آ گیا۔
تتہ پانی پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید خطوط پر تفتیش کا آغاز کیا۔ شواہد اکٹھے کیے گئے اور مختلف افراد کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
تحقیقات کے دوران مقتولہ کے شوہر کو شاملِ تفتیش کیا گیا، جس نے بالآخر اپنی بیوی کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ اس تلخ حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ جس رشتے کا مقصد تحفظ اور اعتماد ہوتا ہے، وہی بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ صرف سات ماہ قبل ہونے والی یہ شادی ایک دردناک انجام تک پہنچ گئی، جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:غیر مسلم ، قادیانیوں کی الگ فہرستوں کی تیاری کا معاملہ حکومت کو تحریک
عوامی مطالبہ ہے کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے اور جو افراد حقیقت جانتے ہوئے خاموش رہے، ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انسانی جان کی حرمت کو یقینی بنانا اور انصاف کی فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
عید کے دوسرے روز دریائے پونچھ سے ملنے والی نوجوان خاتون کی نعش کا ڈراپ سین،ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر قتل کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تعلیمی بورڈ سدھنوتی ،سالانہ امتحانی نتائج، 3137 طلباءو طالبات میں سے 2816 کامیاب قرار
پولیس تھانہ تتاپانی کے ایس ایچ او عبدالقیوم کے مطابق تاحال مذکورہ متوفیہ خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی۔متوفیہ کی نعش مردہ خانہ کوٹلی ضلعی اسپتال میں رکھی گئی ہے۔
پولیس کیس کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کررہی ہے،ایس ایچ او تتا پانی کا کہنا تھا کہ تحقیقات کی تکمیل کے بعد تمام تر تفصیلات میڈیا سے شئیر کی جائیں گی۔
ایس ایچ او تتاپانی عبد القیوم نے کشمیر ڈیجیٹل سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ خاتون کیس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
شہری سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبریں شیئر کرنے سے گریز کریں، جونہی کوئی پیش رفت ہوتی ہے تمام تر تفصیلات میڈیا سے شئیر کی جائیں گی۔
واضح رہے مذکورہ خاتون کی نعش دریائے پونچھ تتاپانی کے مقام سے ملی جسے ریسکیو حکام نے پولیس تتاپانی کی موجودگی میں ریسکیو کرکے کوٹلی ضلعی اسپتال منتقل کیا ۔




