افغان طالبان کی باجوڑ،مہمند اور دیر کے سرحدی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ، پاکستان کا منہ توڑ جواب

افغان طالبان کی جانب سے باجوڑ، نواپاس (مہمند) اور دیر کے سرحدی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے جس کا پاکستان نے بھرپور اور موثر جواب دیا جس پر دشمن کی گنیں مکمل خاموش ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے یکم اپریل 2026 کو باجوڑ اور دیر کے سرحدی علاقوں میں مسلسل اور اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کیخلاف آپریشن غضب للحق دوبارہ شروع کردیا، سکیورٹی ذرائع

پاکستانی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیتے ہوئے نہ صرف افغان فورسز کی گنوں کو خاموش کرایابلکہ ان پوسٹوں کو بھی تباہ کر دیا جہاں سے فائرنگ کی جا رہی تھی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس تمام صورتحال میں پاکستان کاکسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ دشمن کو موثر اور بھرپور جواب دے کر اس کی ہر کوشش ناکام بنا دی گئی۔

نواپاس اور باجوڑ سیکٹر میں ہونے والے اس تبادلہ فائر کو بعض افغان میڈیا اور مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے

سکیورٹی ذرائع کے مطابق زمینی حقائق کے مطابق صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کوئی غیر معمولی واقعہ پیش نہیں آیا ۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے افغان طالبان سے 32 سکوئر کلومیٹر زمین کا حصہ کنٹرول میں لے لیا، سرحدی باڑ نصب 

یاد رہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی بڑھتی لہر پر پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے آپریشن غضب للحق شروع کیا تھا اور افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا ۔

عید کی تعطیلات میں آپریشن روک دیا گیا تھا اب دوبارہ سے آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور پاک فوج دہشتگردوں کے مکمل صفایا کیلئے پرعزم ہے۔