عید سے پہلے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈ آفس نے تمام پارٹنر بینکوں کو 19 مارچ کو رمضان المبارک کے آخری روز مستحقین کی ادائیگیوں کے حوالے سے خصوصی انتظامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فیلڈ آپریشن ظہیر عباس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق، عید کی تعطیلات سے قبل بڑی تعداد میں مستحقین کے ادائیگی مراکز پر پہنچنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام بینکوں کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کے لیے بڑا خطرہ قرار دی گئی طاقتوں میں پاکستان کا نام بھی شامل، امریکی انٹیلی جنس رپورٹ منظرعام پر آ گئی

مراسلے میں تمام پارٹنر بینکوں بشمول HBL، BOP، بینک الفلاح اور دیگر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ تمام ادائیگی مراکز پر پی او ایس (POS) ایجنٹس کی دستیابی اور نقد رقم کی وافر مقدار کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مستحقین کے لیے بیٹھنے کے مناسب انتظامات اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں، جبکہ ہجوم کو منظم کرنے کے لیے مؤثر ‘کراؤڈ مینجمنٹ’ کے اقدامات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ گراؤنڈ مانیٹرنگ ٹیمیں ایجنٹس کی کارکردگی کی نگرانی کریں گی اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں بی آئی ایس پی کی فیلڈ ٹیموں سے رابطہ رکھا جائے گا۔

لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ بینکوں کی جانب سے مستحقین کو یہ بھی آگاہ کیا جائے کہ عید کی چھٹیوں کے بعد بقیہ مستحقین کے لیے ادائیگیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی، غفلت یا بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی کی صورت میں تمام تر ذمہ داری متعلقہ بینک پر ہوگی اور معاہدے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ تمام بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تمام تر دستاویزی ذمہ داریوں کی سختی سے تعمیل کریں۔

مزید پڑھیں: بینظیر کفالت پروگرام: مستحق خواتین کے لیے 14,500 روپے کی قسط جاری، رقم میں اضافہ

Scroll to Top