اسلام آباد: چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا مستحق خواتین کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری وہ تمام بہنیں جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بینیفشریز ہیں اور جنہیں انگوٹھے کی تصدیق (BVS) میں مسئلہ پیش آتا ہے، ان کے لیے خوشخبری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی اور نادرا نے مل کر ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت جن خواتین کے انگوٹھوں کی تصدیق نہیں ہو پاتی، ان کی شناخت اب فیشل ریکگنیشن (چہرے کی شناخت) کے ذریعے بھی کی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی مفت موبائل سم لینے کا طریقہ سامنے آگیا
اس مقصد کے لیے نادرا کی موبائل رجسٹریشن وینز ملک بھر میں بی آئی ایس پی کے ریجنل دفاتر میں تعینات کی جا رہی ہیں۔
ویڈیو پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ جن خواتین کے انگوٹھوں کی تصدیق نہیں ہوتی وہ اپنا اصل شناختی کارڈ (CNIC) ساتھ لے کر قریبی نادرا موبائل رجسٹریشن وین یا اپنے قریبی نادرا دفتر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر نادرا دفتر میں بھی انگوٹھے کی تصدیق ممکن نہ ہو تو نادرا فیشل ریکگنیشن (چہرے کی شناخت) کے ذریعے تصدیق کرے گا۔
تصدیق مکمل ہونے کے بعد نادرا کی جانب سے ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جس کی فیس 20 روپے بینیفشریز کو ادا کرنی ہوگی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد خواتین اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر جا کر اس کا اندراج کروائیں۔ اندراج کے فوراً بعد آپ کے موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ: بی آئی ایس پی عملے کا نارواسلوک، مستحق خواتین خوار ہونے لگیں
انہوں نے کہا کہ چند دن بعد آپ کو 8171 سے ایک پیغام موصول ہوگا جس میں بتایا جائے گا کہ آپ کی رقم آپ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو چکی ہے۔
روبینہ خالد نے کہا کہ اس پیغام کے بعد آپ اپنے قریبی بی آئی ایس پی ادائیگی مرکز سے اپنی رقم وصول کر سکیں گی۔



