حرمین شریفین میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی 27 ویں شب لاکھوں فرزندان اسلام نے تراویح ، تہجد کی نماز اور دعا میں شرکت کی۔ اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔
ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور زائرین پہلے سے پہنچے ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: حرمین شریفین میں اعتکاف کی رجسٹریشن شروع، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے لیے درخواستیں طلب
دونوں مساجد کی تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔
اداراہ امور حرمین کی جانب سے اس موقع پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کی سہولت کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے۔
انتظامیہ نے 27 ویں شب کے عظیم الشان اجتماع کے لیے نمازیوں اور زائرین کی آمد ورفت کو منظم بنانے کے لیے اضافی عملے کو متعین کیا جبکہ سکاوٹس اور رضاکاربھی موجود تھے۔
ادارہ امور حرمین کا کہنا تھا مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 27 ویں شب کے عظیم اجتماع کے لیے پہلے سے تیاریاں مکمل تھیں،قالینوں کی صفائی اور انہیں معطرکرنے کے ساتھ ساتھ اضافی مصلوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی بزنس مین کا اسلام قبول کرنے کے بعد پہلا روزہ، مسجد الحرام سے ویڈیو شیئر
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں اور چھتوں پر بھی نمازیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
حرمین میں صفائی کے امور کو یقینی بنانے جبکہ آب زم زم کی مستقل فراہمی کو یقینی بنانے کےلیے اضافی یونٹس کی خدمات فراہم کی گئی۔
ادارہ امورحرمین کی جانب سے بجلی کی مستقل فراہمی کے لیے بیک اپ سسٹم تیار تھا جبکہ ایئرکنڈیشنگ، لائٹنگ اور ساونڈ سسٹم کی کارکردگی کو بھی بڑھایا گیا۔
حرمین میں انتظامیہ کی جانب سے اس سال خصوصی گرائونڈ یونٹ متعارف کرایا گیا جس کے انتظامات زائرین خدمت سینٹر کی جانب سے کیے گئے۔
انتظامیہ نے گراونڈ یونٹس کو مسجد الحرام کے اندر، بیرونی صحنوں اور چھتوں پر بھی تعینات کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین کی بروقت خدمت کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ترلائی مسجد میں خود کش دھماکہ، خودکش بمبار کی شناخت کرلی
علاوہ ازیں مختلف مقامات پر ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈیجیٹل سکرینز نصب کی گئیں جن کے ذریعے صحن مطاف اور مسجد الحرام کی اندرونی صورتحال کے بارے میں فوری طورپر معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔




