جدہ: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کرتے ہوئے آزمائشی حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے چلتے وزیراعظم شہبازشریف نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر سعودی عرب روانہ، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر اہم ملاقاتیں متوقع
ملاقات میں وزیراعظم نے آزمائشی حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہےگا، پاکستان خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے کوشش جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے ایک روزہ سرکاری دورے پر پہنچے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:تمام اداروں میں 50 فیصد ملازمین ورک فرام ہوم، ہفتے میں 4دن کام ہوگا،شہبازشریف
جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، ریاض میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق، جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا تھا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات کے بعد واپس وطن روانہ ہو گئے۔




