ریشیاں:لیپہ روڈ شدید برفباری اور برفانی تودوں کی زد میں، ٹریفک معطل

وادی لیپہ میں شدید برفباری اور موسلادھار بارش کے سبب ریشیاں لیپہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ مسلسل برفباری کے باعث سڑک برف سے ڈھک چکی ہے جبکہ مختلف مقامات پر برفانی تودے گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جس کے باعث روڈ پر سفر نا ممکن ہے اور خطرناک بھی ہے۔

محکمہ شاہرات کے مطابق شیر گلی ٹاپ سے الحمدللہ موڑ تک شدید برفانی تودے گر رہے ہیں اور برفانی ہوائیں صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔ خراب موسم کے باعث بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانا بھی ممکن نہیں جس کی وجہ سے سڑک کھولنے کا کام فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز گریس ویلی میں برفانی تودہ گرنے سے تین نوجوان برفانی تودے تلے دب کر جاں بحق ہو چکے ہیں لہذاحالات کی سنگینی سے بچاؤ کے لیےاحتیاط ضروری ہے۔

محکمہ شاہرات نے عوام کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے جس میں شہریوں کو ریشیاں-لیپہ روڈ پر کسی بھی قسم کی نقل و حرکت سے اجتناب برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔

یہ بھی دیکھیں:آزاد کشمیر میں بارشوں کا نیا سلسلہ، مزید برفباری کی پیشگوئی

محکمہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی موسم سازگار ہوگا بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے گاساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

Scroll to Top