موسم کی تازہ صورتحال، محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی جاری کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی تازہ صورتحال کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہےجبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔

اس کے علاوہ مری، گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز کی نسبت درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

فضائی آلودگی کی شرح میں خطرناک اضافہ:

دوسری جانب موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ملک میں فضائی آلودگی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسی حوالے سے سارا دن کرسی پر بیٹھنے والوں کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان، موسم سرما کی پہلی برفباری، بابوسرٹاپ سیاحوں کیلئے بحال

باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ چکی ہے، جہاں گزشتہ روز کے مقابلے میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں 24 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور شہر کا مجموعی اے کیو آئی لیول 221 ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں اے کیو آئی کے اعداد و شمار:

لاہور شہر میں جی ٹی روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح سب سے زیادہ 385 تک پہنچ گئی، جبکہ برکی روڈ پر 278، ایجرٹن روڈ پر 255، کاہنہ نو میں 237، پنجاب یونیورسٹی میں 226 اور ملتان روڈ پر 208 ریکارڈ کی گئی۔

لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 اور کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: استنبول میں موسلادھار بارش اور سیلاب: ایک 14 سالہ لڑکا جاں بحق، نظامِ زندگی درہم برہم