پاکستانی ڈاکٹرز کا بڑاکارنامہ،7ماہ کے جڑواں بچوں کی بینائی بحال

الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے قبل از وقت پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کی بینائی کو بچا کر اہم کارنامہ انجام دے دیا۔

7 ماہ کے جڑواں بچوں ابراہیم اور اسماعیل میں آر او پی کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے فوری علاج شروع کیا اور بینائی کو مستقل نقصان سے بچا لیا۔

یہ بھی پڑھیں: لندن میں ڈاکٹروں کی غیر معمولی طبی کامیابی نے تاریخ رقم کردی ، معجزہ قرار

اس حوالے سے بچوں کی والدہ کا کہنا ہے کہ بروقت علاج سے میرے بچوں کی بینائی کو بچا لیا گیا ہے۔

ڈاکٹر امجد کے مطابق قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی آنکھوں کی اسکریننگ لازمی قرار دی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال تقریباً 10 لاکھ بچے قبل از وقت پیدا ہوتے ہیں جبکہ پیدائش کے وقت ڈیڑھ کلو گرام سے کم وزن والے بچوں کی بینائی کو زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آکسیجن کی متوازن مقدار سے آر او پی کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔

طبی حلقوں نے اس کامیاب آپریشن کو پاکستانی ڈاکٹرز کی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: باہم جڑے ہوئے پاکستانی بچوں کو سعودی عرب نے علاج کیلئے بلا لیا

ماہرین کے مطابق جدید طبی سہولیات اور تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی بدولت ملک میں پیچیدہ امراض کا علاج ممکن ہو رہا ہے، جو صحت کے شعبے میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔

واضح رہے کہ الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال کے مطابق بینائی متاثر ہونے والے بچوں کے آر او پی کے خصوصی پروگرام کے تحت اب تک 19 ہزار بچوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

Scroll to Top