بے نقاب

عوامی ایکشن کمیٹی 9 جون کو پھر ریاست گیر احتجاج کی کال دیدی

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبات منظوری کیلئے ڈیڈلائن دیتے ہوئے 9جون 2026 کو احتجاج کی کال دیدی ہے اور پرانے وعدوں پر عملدرآمد کے علاوہ نئے مطالبات بھی پیش کردیئے گئے ہیں۔

کوٹلی سرساوہ میں ہونیوالے مشاورتی اجلاس کا رات گئے اعلامیہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اجلاس میں لاہور یونیورسٹی میں طالبہ فریحہ افراہیم کی خودکشی کے واقعہ کی مذمت کی اور واقعہ کی شفاف انکوائری اور تمام حقائق منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی میں اختلافات؟ سردار عمر نذیر کا ’گارنٹر‘ کی موجودگی سے صاف انکار

جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہم اصولی موقف پر قائم ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکموں پر تقرریوں کیلئے این ٹی ایس اور پی ایس سی کو فعال کیا جائے،ایڈہاک تقرریوں کا سلسلہ بند کیا جائے اورپروموشن کوٹے پر عملدرآمد کیا جائے۔

ایکشن کمیٹی نے گزشتہ روز اسمبلی میں پیش کئے گئے احتساب بیورو ایکٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترمیم کرپشن کو فروغ دے گی۔ایکشن کمیٹی نے صحافی سہراب برکت کی فوری رہا کا مطالبہ بھی کیا ہے،

ایکشن کمیٹی کور رکن کا کہنا تھا ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کی فہرست مشتہر نہ ہونے پر تشویش ہے اور مطالبہ کرتے ہیں فہرست فوری مشتہر کی جائے۔

ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے ناقص آٹے کی ترسیل پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کا معیار بہتر کرنے کے علاوہ ایلوکیشن بھی بڑھائی جائے۔

ایکشن کمیٹی نے صحت کارڈ پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی فوری طور پر ہمارے تحفظات دور کرے۔عوام کو 24گھنٹے صحت کی سہولیات دی جائیں۔

ایکشن کمیٹی نے ہیلتھ ورکرز کے احتجاج کی بھی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی آزادکشمیر کے 17مطالبات پر عملدرآمد ہوچکا، انجینئر امیر مقام

ایکشن کمیٹی کےرکن کا کہنا ہے کہ 38نکات پر عملدرآمد کیلئے عوامی ایکشن کمیٹی 9 جون کو احتجاج کی کال کا اعلان کرتی ہے، تفصیلات عید کے بعد جاری کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بامقصد مذاکرات کیلئے تیار ہیں مگر شرط یہ ہے کہ مطالبات پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔

Scroll to Top