ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا حتمی فیصلہ بدھ کو پاکستان کے کولمبو میں نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دینے کے بعد ہو گیا ہے۔
سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔ایک گروپ کے میچز انڈیا میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے گروپ کے مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ:شاہینوں کی بڑی کامیابی،نمیبیا کو102 رنز سے شکست دیدی
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس مرحلے میں کوئی بھی ٹیم پہلے مرحلے کے پوائنٹس ساتھ نہیں لائے گی، یعنی تمام ٹیمیں صفر پوائنٹ سے نئے مرحلے کا آغاز کریں گی۔ میچ جیتنے والی ٹیم کو 2پوائنٹس ملیں گے۔
خراب موسم کے باعث اگر کم سے کم پانچ اوورز کا کھیل ممکن نہ ہو سکا تو میچ کو ’نو رزلٹ‘ قرار دیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل جائے گا۔
کسی میچ کے برابر ہونے کی صورت میں سپر اوور کھیلا جائے گا اور اگر سپر اوور بھی برابر ہو جائے تو فیصلہ ہونے تک مزید سپر اوورز کروائے جائیں گے۔
ہر گروپ کی ٹاپ 2ٹیمیں 4اور 5مارچ کو کھیلے جانے والے سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ فائنل 8مارچ کو ہوگا۔
گروپس میں کونسی ٹیمیں شامل ہیں۔
سپر ایٹ مرحلے میں 8ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ون میں انڈیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں اور اس گروپ کے میچز انڈیا میں کھیلے جائیں گے۔
گروپ 2میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں جبکہ اس گروپ کے مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔ ٹاپ 2ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
سپر ایٹ مرحلے کا آغاز کب ہوگا؟
سپر ایٹ مرحلے کا آغاز 21 فروری کو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کولمبو میں ہونے والے میچ سے ہوگا۔ 22 فروری کو انگلینڈ کا مقابلہ سری لنکا سے کینڈی میں جبکہ انڈیا جنوبی افریقہ کے خلاف احمد آباد میں میدان میں اترے گا۔
23 فروری کو زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ممبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ 24 فروری کو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کینڈی میں اہم مقابلہ ہو گا جبکہ 25 فروری کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کولمبو میں مدِمقابل ہوں گے۔
26 فروری کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ احمد آباد میں جبکہ انڈیا اور زمبابوے چنئی میں ٹکرائیں گے۔ 27 فروری کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:دو بار گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرنیوالا کشمیری ایتھلیٹ حکمرانوں کی بے حسی کا شکار
28 فروری کو سری لنکا اور پاکستان کا مقابلہ کینڈی میں ہوگا۔ سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچز یکم مارچ کو کھیلے جائیں گے جہاں زمبابوے اور جنوبی افریقہ نئی دہلی میں جبکہ انڈیا اور ویسٹ انڈیز کولکتہ میں مدمقابل ہوں گے۔




