پی ٹی اے

بغیر ٹیکس کے موبائل فون رجسٹریشن، پی ٹی اے نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑی سہولت متعارف کرادی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کے لیے موبائل فون رجسٹریشن کی نئی ’’عارضی موبائل رجسٹریشن‘‘ سہولت متعارف کردی ہےجس کے تحت وہ اپنے ذاتی موبائل فون 120 دن تک بغیر کسی ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کے پاکستان میں استعمال کر سکتے ہیں۔

اس سہولت کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور سیاحوں کو پاکستان آمد پر باآسانی مقامی سم استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان کردیا

پی ٹی اے کے مطابق یہ ٹیکس فری رجسٹریشن ایک وِزٹ کے لیے 120 دن کے لیے دستیاب ہوگی اور ہر دورہ پاکستان پر اسے دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے یعنی یہ سہولت صرف ایک بار تک محدود نہیں بلکہ متعدد بار استعمال کی جا سکتی ہےبشرطیکہ ہر بار نئی درخواست جمع کرائی جائے۔

رجسٹریشن کے لیے صارفین کو ڈیوائس آئی ایم ای آئی، پاسپورٹ نمبر، نیشنل آئیڈینٹی کارڈ فار اوورسیز پاکستانی نمبر، پاکستان میں جاری موبائل نمبر، آمد اور روانگی کی تاریخ سمیت بنیادی معلومات فراہم کرنا ہوتی ہیں جن کی تصدیق متعلقہ اداروں کے ریکارڈ سے کی جاتی ہے۔

یہ سہولت پی ٹی اے کے ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے تحت فراہم کی جا رہی ہے اور اس سے فائدہ اٹھانے کے تین بنیادی طریقے ہیں۔

آن لائن پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن، یو ایس ایس ڈی کوڈ *8484# ڈائل کر کے درخواست جمع کرانا یا ملک بھر میں موجود موبائل آپریٹرز کے کسٹمر سروس سینٹرز یا فرنچائز پر جا کر رجسٹریشن کرانا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کا 6 ماہ تک سم استعمال نہ کرنے پر بند کرنے کا اعلان

پی ٹی اے نے اس عمل کی وضاحت کے لیے دو منٹ پر مشتمل ٹیٹوریل ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں مرحلہ وار طریقہ کار سمجھایا گیا ہے تاکہ صارفین کو پورٹل اور فارم فلنگ میں آسانی ہو۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قانونی ڈیوائسز کے استعمال کو فروغ دینے، اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کرنے اور نیٹ ورک سکیورٹی کو بہتر بنانے میں مدد دیگا۔

Scroll to Top