آزادکشمیر، مزید3 جیالوں کی ایڈجسٹمنٹ ، الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری

اسلام آباد:وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے مزید 3 نظر یاتی جیالوں کی ایڈجسٹمنٹ کردی ہے اور تینوں تعیناتیوں کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے پیپلزپارٹی یوکے کے متحرک رہنما اظہر اقبال بڑالوی کو جموں وکشمیر اوورسیز کمیشن کا وائس چیئرمین مقرر کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سیکریٹریٹ میں جیالوں کی ایڈجسٹمنٹ، خواتین نظرانداز ،شدید تحفظات سامنے آ گئے

نوٹیفکیشن کے مطابق اظہر اقبال بڑالوی کی تقرری جموں و کشمیر اوورسیز کمیشن کی سفارشات پر ایکٹ 2017 کے مطابق کی گئی ہے اورجس کی شرائط وضوابط کا تعین بعد میں کیا جائیگا۔

قبل ازیں پیپلزپارٹی آزادکشمیر سوشل میڈیا ونگ کے عہدیدار سردار رفاقت عباسی،سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ورہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر زوبیہ خورشید راجا کو وزیراعظم نے میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔

نئے ایڈجسٹ ہونیوالوں جیالوں میں سے اظہر اقبال کا تعلق میرپور ڈویژن سے ہے جبکہ سردار رفاقت عباسی مظفرآباد اور زوبیہ خورشید راجا پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھتی ہیں۔

دیرینہ اور نظریاتی کارکنوں کی ایڈجسٹمنٹ کا جیالوں سمیت سیاسی رہنمائوں نے خیرمقدم کیا ہے اور تہنیتی پیغامات دیئے ہیں لیکن دوسری طرف کچھسوشل میڈیا صارفین نے ان عہدوں کی بندربانٹ کو خزانے پر بوجھ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نظریاتی جیالے کی ایڈجسٹمنٹ، طارق حمید قریشی وزیراعظم کے افسر تعلقات عامہ تعینات

یاد رہے کہ جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے معاہدہ کے تحت آزادکشمیر میں وزراء کی تعداد20تک محدود کردی گئی ہے ، سرکاری اخراجات میں کمی اور حکمرانوں کی مراعات کمی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

Scroll to Top