ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی نژاد یو اے ای کے اوپنر محمد زوہیب کوبھارتی انتہاپسندوں کے ممکنہ دبائو کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ نے بھارت سے واپس بھجوادیاہے۔
اماراتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہےکہ محمد زوہیب کو نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر بھارت سے دبئی واپس بھیجا گیا ہے جبکہ محمد زوہیب نے بھی کہانی واضح کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20ورلڈکپ، آئی سی سی کی منانے کی کوششیں،پاکستان نے شرائط پیش کردیں
اماراتی بورڈ کا کہنا ہےکہ اس معاملے پر مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی، اس مرحلے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
اس سے پہلے محمد زوہیب نے الزام لگایا تھا کہ ساری ٹیم مینجمنٹ کا تعلق بھارت سے ہے اور پاکستانی ہونےکی وجہ سے انہیں ٹیم سے باہر نکالا گیا ہے۔
خیال رہےکہ یو اے ای کی کرکٹ ٹیم اس وقت بھارتی شہر چنئی میں ٹی20 کرکٹ ورلڈکپ کھیلنے کے لیے موجود ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں محمد زوہیب نے اماراتی کرکٹ بورڈ سے معاملےکی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اماراتی کرکٹر نے ای سی بی چیئرمین کے نام پیغام میں کہا کہ گزشتہ 3 چار دنوں سے مجھے کوچ اور دیگر ٹیم اسٹاف جو بھارت سے تعلق رکھتے ہیں انہوں نے مجھے بلا کر کہا کہ میں خود کو ان فٹ ڈیکلیئر کردوں تاکہ مجھے واپس امارات بھیج دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ: انگلینڈ نے نیپال کو 4 رنز سے ہرا دیا
میرے انکار پر مجھے دھمکیاں بھی دی گئیں کہ آئندہ آپ کے لیے مشکل ہوجائے گی جیسے عمان کے کرکٹرز کے ساتھ ہوا ہے۔
زوہب نے بتایا کہ بعد میں مجھے کہا گیا کہ آپ اپنی والدہ کی صحت کا بہانہ بناکر واپس چلے جائیں، میں نے ان سے وجہ پوچھی تو انہوں نے کوئی وجہ نہیں بتائی اور مجھے زبردستی واپس بھیج دیا، یہ لوگ اپنے کھلاڑی ٹیم میں لانا چاہتے ہیں۔
زوہیب نے اس سے قبل گراؤنڈ سے بھی ویڈیو بنائی جس میں انہوں نے بتایا کہ پریکٹس کے دوران مجھے گراؤنڈ سے نکال دیا گیا اور کہا کہ آپ کی فلائٹ ہے واپس دبئی جاؤ۔
گراؤنڈ سے ہوٹل جانے کے بعد زوہیب نے ویڈیو میں بتایا کہ مجھے کہا گیا کہ اگر آپ نہ گئے تو ہوٹل بکنگ کینسل کردیں گے پھر آپ کو اپنے خرچے پر رہنا ہوگا اور یہ بھارت ہے یہاں آپ کے ساتھ کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
اماراتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، مجھے واپس بھیجنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی،صرف دھمکیاں دی گئیں اور کچھ نہیں بتایا گیا۔
بھارتی ائیرپورٹ سے ویڈیو بناتے ہوئے پاکستان سے تعلق رکھنے والے یو اے ای کے بیٹر محمد زوہیب نے اماراتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی سے اپیل کی کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، اس معاملے کی انکوائری کی جائے، بغیر کسی وجہ کے ٹیم مینجمنٹ نے مجھے واپس بھیج دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20ورلڈکپ کونسی ٹیم جیت سکتی ہے؟ سابق بھارتی کرکٹر کی بڑی پیشگوئی
زوہیب کا کہنا تھا کہ ہماری پوری مینجمنٹ بھارتی ہے، ہم یہاں یو اے ای کی نمائندگی کرتے ہیں، یہاں پر پاکستانی یا بھارتی کا معاملہ نہیں ہونا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو بنانےکا مجھے نقصان بھی ہوگا لیکن میں آواز اٹھاؤں گا۔




