انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نیٹس کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی آنکھ کے گرد واضح سوجن اور نیل پڑ گیا ہے ۔
اسٹوکس نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنی چوٹ کی تصدیق کی اور مزاحیہ انداز میں لکھا کہ آپ کو گیند کی حالت دیکھنی چاہیے ۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسٹوکس نہ تو بیٹنگ کر رہے تھے اور نہ ہی بولنگ، بلکہ وہ سائیڈ پر کھڑے تھے اور اسی دوران گیند ان کے گال پر جا لگی ۔
بین اسٹوکس گزشتہ ماہ سڈنی میں ایشز کے پانچویں ٹیسٹ کے دوران ایڈکٹر انجری کے باعث میدان چھوڑنے کے بعد سے بحالی کے مراحل میں ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: فٹنس مسائل،آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ ورلڈ کپ سے باہر
وہ اسی مہینے کے آخر میں اپنی ریکوری جاری رکھنے کے لیے ابو ظہبی جائیں گے اور انگلینڈ لائنز اسکواڈ کے ساتھ غیر رسمی کوچنگ کے کردار میں بھی شامل ہوں گے، جس کی قیادت اینڈریو فلنٹوف کریں گے ۔
اسٹوکس نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کے لیے وائٹ بال کرکٹ نہیں کھیلی اور اس ہفتے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں بھی شامل نہیں ہیں ۔
ان کی اگلی بین الاقوامی میچ میں واپسی ممکنہ طور پر جون میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ہو سکتی ہے، تاہم اس سے قبل وہ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈرہم کی نمائندگی کر سکتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا ٹورنامنٹ کا اعلان
آسٹریلیا کے خلاف 4-1 کی شکست کے بعد اسٹوکس نے کہا تھا کہ وہ ٹیسٹ کپتان کے طور پر اپنا کردار جاری رکھنے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں اور ہیڈ کوچ برینڈن مک کولم کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔




