سردار تنویر الیاس

وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی،سردارتنویر الیاس

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان نے یومِ یکجہتی کشمیر کی پیپلز سیکریٹریٹ ایف ایٹ میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری اہلِ پاکستان و اہلِ کشمیر کے اٹوٹ رشتے، نظریاتی وابستگی اور سات دہائیوں پر محیط جدوجہدِ آزادی کی علامت ہے۔

پاکستان کشمیریوں کی مضبوط ترین عالمی آواز ہے اور پوری پاکستانی قوم اس روز یکجا ہو کر دنیا کو بتاتی ہے کہ مسئلہ کشمیر اب بھی حل طلب ہے

جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، خواتین کی بے حرمتی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں آج بھی جاری ہیں۔

کشمیری مسلمانوں نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ جوڑ لیا تھا اور آج بھی سبز ہلالی پرچم میں لپٹے شہداء یہ اعلان کرتے ہیں کہ پاکستان سے ان کا رشتہ لازوال ہے، جسے نہ مودی سرکار کی فاشسٹ پالیسی اور نہ ہندوتوا ذہنیت ختم کر سکتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے کمیٹی تشکیل دینگے،نیاز اللہ خان نیازی

عالمی برادری کو صرف بیانات پر اکتفا کرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے خاتمے اور حقِ خودارادیت کے عملی نفاذکیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔۔

سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

پیپلز سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ اس پروقار تقریب کی صدارت سابق وزیر حکومت و ممبر اسمبلی جاوید بٹ نے کی جبکہ چیئرمین علماء ومشائخ کونسل صاحبزادہ ذوالفقار، سابق مشیر حکومت و سینئر رہنما پیپلز پارٹی سردار امجد یوسف، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد، سابق مشیر حکومت سردار امتیاز شاہین، شکور حسین اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اپیکس کمیٹی کا اجلاس: وزیراعلیٰ، حکومتِ خیبر پختونخوا اور افواج پاکستان عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے

سابق وزیر حکومت جاوید بٹ نے کہا کہ سردار تنویر الیاس خان تمام کشمیریوں خاص کر مہاجرین جموں و کشمیر کی توانا اور جری آواز ہیں جن کی قیادت میں اڑھائی ماہ قبل پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی اور کوئی طاقت مہاجرین کی نشستیں ختم نہیں کر سکتی، ہم اول و آخر پاکستانی ہیں۔

چیئرمین علمائے مشائخ صاحبزادہ ذوالفقار نے خطاب میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے “ایک ہزار سال جنگ” کے اعلان نے دونوں جانب کے کشمیریوں کے جذبۂ مزاحمت کو نئی قوت بخشی جبکہ دیگر مقررین نے بھی کشمیریوں کی جدوجہد اور پاکستان سے ان کی لازوال وابستگی کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ہنرمندوں کے لیے آسٹریلیا کا نیا ویزا، ملازمت اور مستقل رہائش دونوں ممکن

تقریب میں پیپلز پارٹی راولپنڈی کے مہاجرین کارکنوں، سماجی و سیاسی شخصیات اور سردار تنویر الیاس خان کی سیاسی ٹیم نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب سے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

Scroll to Top