400 سے زائد مہاجر خاندانوں کو مالکانہ حقوق کب ملیں گے؟ معاملہ اسمبلی تک پہنچ گیا

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل) ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری ذیشان علی نے کہا ہے کہ 1947ء کے مہاجرین کو الاٹ کی جانے والی اراضی کے مالکانہ حقوق تاحال فراہم نہ ہونا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  چار سو سے زائد خاندان مقررہ رقم کی ادائیگی کے باوجود اپنی الاٹ شدہ اراضی کے مالکانہ حقوق سے محروم ہیں۔ 

حکومت آزاد کشمیر اس اہم مسئلے کے حل کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرتے ہوئے مہاجرین کو ان کا بنیادی حق دلانے  کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے یہ مطالبہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کیا۔  

چوہدری ذیشان علی نے کہا کہ 1947ء کے مہاجرین اور ان کی آبادکاری کا معاملہ ایک اہم انسانی اور قانونی مسئلہ ہے، جس کے حل میں مزید تاخیر متاثرہ خاندانوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
ا ن کا کہنا تھا کہ مہاجرین کے نمائندے پاکستان کے مختلف شہروں سے ان کی نمائندگی کر رہے ہیں، لہٰذا ان کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھانے اور حل کرنے کی ضرورت ہے۔

ذیشان علی نے قانون ساز اسمبلی پر زور دیا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مربوط اور نتیجہ خیز رابطہ کاری کے ذریعے مہاجرین کو الاٹ شدہ اراضی کے حقِ ملکیت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ چار سو سے زائد متاثرہ خاندانوں کو ان کا قانونی حق مل سکے۔