تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو یہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی جبکہ ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کی افواج کو دہشتگرد قرار دیدیا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے اور امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے بارے میں مسلسل دھمکی آمیز بیانات دیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایک سے دو دن کے اندر ایران پر حملہ کر سکتا ہے : سردار مسعود خان
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار جنگی جہازوں کی روانگی کا ذکر کرتے ہیں لیکن ایرانی قوم ایسی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ’ٹرمپ مسلسل کہتے ہیں کہ وہ جہاز لے آئے ہیں۔ ایرانی قوم ان باتوں سے نہیں ڈرے گی اور نہ ہی ایرانی عوام ان دھمکیوں سے مرعوب ہوں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتے اور نہ ہی ایسا چاہتے ہیں، لیکن اگر کوئی ایرانی قوم پر حملہ کرے یا اسے ہراساں کرے گا تو ایرانی قوم اسے سخت جواب دے گی۔
ادھر ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کے ممالک کی افواج کو دہشتگرد گروہ قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا ردعمل ہے۔
پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکان نے پاسداران انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر پاسداران کی سبز وردیاں پہن رکھی تھیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اراکین نے اجلاس میں ’امریکا مردہ باد‘، ’اسرائیل مردہ باد‘ اور ’یورپ شرم کرو‘ کے نعرے لگائے۔
یورپی یونین کے فیصلے کو ’غیر ذمہ دارانہ اقدام‘ قرار دیتے ہوئے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ’پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے خلاف جوابی اقدامات سے متعلق قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ تصور کیا جائے گا‘۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس فیصلے کے فوری طور پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ قانون پہلی مرتبہ 2019 میں منظور کیا گیا تھا جب امریکا نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اور امریکا کشیدگی کم کرنے کیلئے ترکی کی ثالثی کی پیشکش
محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی یورپی ممالک کے فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر غور کرے گی اور اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کا اجلاس ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی آیت اللہ خمینی کی جلاوطنی سے واپسی کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوا۔




