لودھراں: لودھراں میں باراتیوں کو لے جانے والی ایک کوسٹر تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے باعث 4موقع پر جاں بحق جبکہ 28افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تیز رفتار کوسٹراور ٹرک کے درمیان پیش آنے والا تصادم اتنا شدید تھا کہ کئی مسافر گاڑی کے اندر پھنس گئے ۔ یوں اس المناک ٹریفک حادثے نے خوشیوں سے بھرے ایک گھر کو غم میں بدل دیا۔ ۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوسٹر تیز رفتاری کے باعث اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی اور سامنے سے آنے والے ٹرک سے زور دار تصادم ہو گیا ۔ تصادم کے فوراً بعد جائے حادثہ پر چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں اور خوشی کا سماں ماتم میں بدل گیا ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لسڈنہ کوسٹر حادثہ، ورثاء نے ڈرائیور کو فی سبیل اللہ معاف کر دیا
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو بڑی مشکل سے گاڑی سے نکالا ۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضاء چھا گئی جبکہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کی آہ و بکا نے ہر آنکھ کو نم کر دیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ انتہائی خوفناک تھا اور کوسٹر مکمل طور پر تباہ ہو چکی تھی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی کوسٹر حادثہ،انسانی جانوں کے ضیاع پر 3رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز رفتاری کو قرار دیا جا رہا ہے ، تاہم تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے کے بعد حتمی رپورٹ مرتب کی جائے گی ۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے ۔




