لسڈنہ

لسڈنہ کوسٹر حادثہ، ورثاء نے ڈرائیور کو فی سبیل اللہ معاف کر دیا

فارورڈ کہوٹہ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) فارورڈ کہوٹہ ضلع حویلی کے علاقے لسڈنہ میں گزشتہ سال پیش آنے والے افسوسناک کوسٹر حادثے کے کیس میں ایک قابلِ تقلید مثال قائم کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء نے جرگہ کے ذریعے ڈرائیور کو فی سبیل اللہ معاف کر دیا۔ یہ فیصلہ انسانی ہمدردی، اسلامی اخوت اور معاشرتی ہم آہنگی کی اعلیٰ مثال قرار دیا جا رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق آج بروز اتوار 18 جنوری 2026 کو قائد منزل کہوٹہ میں گزشتہ سال لسڈنہ کے مقام پر پیش آنے والے کوسٹر حادثے میں شہید ہونے والے قاری خورشید شہید اور خالد گلشن شہید کے کیس کے حوالے سے ایک باقاعدہ جرگہ منعقد ہوا۔ جرگہ میں علاقے کے معززین، عمائدین اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، جن میں محترم حیات خان راٹھور نمایاں تھے ۔

جرگہ کے دوران شہداء کے ورثاء نے باہمی مشاورت کے بعد اپنے تمام تر اختیارات چوہدری محسن عزیز کے سپرد کرتے ہوئے فیصلے کا مکمل حق انہیں تفویض کیا ۔ چوہدری محسن عزیز نے ورثاء کی جانب سے دیے گئے اختیار کو بروئے کار لاتے ہوئے کوسٹر ڈرائیور زاہد راٹھور کو فی سبیل اللہ معاف کرنے کا اعلان کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کی ٹاپ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے، اہم سیکرٹریز تبدیل

جرگہ کے شرکاء نے اس فیصلے کو اعلیٰ ظرفی، صبر، برداشت اور اسلامی اقدار کی عملی تصویر قرار دیا۔ معززین کا کہنا تھا کہ اس قسم کے فیصلے معاشرے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں اور انتقامی رویوں کے بجائے اصلاح اور درگزر کا پیغام دیتے ہیں ۔

جرگہ میں شریک تمام افراد نے شہداء کے ورثاء کے اس عظیم اور قابلِ تحسین اقدام کو دل کی گہرائیوں سے سراہا اور ان کیلئے دعائے خیر کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ نہ صرف اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر کا گل پور میں عوام نے پرتپاک استقبال کیا

آخر میں حادثے میں شہید ہونے والوں اور بانی ضلع حویلی، چوہدری محمد عزیز مرحوم کی مغفرت، بلند ی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔

Scroll to Top