عبدالقیوم نیازی

میرپور سے گلگت تک 8ٹنلز پر مشتمل شارٹ کٹ میرا خواب تھا، عبدالقیوم نیازی

کھوئی رٹہ (کشمیر ڈیجیٹل نیو ز)سابق وزیر اعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر اور صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے کھوئی رٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی سیاسی ترجیحات اور ملکی صورت حال پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ دوبارہ وزیر اعظم ہوتے تو میرپور سے گلگت تک 8 ٹنلز پر مشتمل شارٹ کٹ اور کشادہ سڑک کا منصوبہ مکمل کر چکے ہوتے، جس سے آزاد کشمیر کی ترقی اور رابطے میں نمایاں بہتری آتی ۔

عبدالقیوم نیازی نے پاکستان میں آئین کی بالادستی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے 27 ترامیم کر کے آئین کو بگاڑ دیا ہے اور اہم فیصلے اپنی مرضی سے کیے جا رہے ہیں جبکہ کوئی پوچھنے والا نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی نظریں خاص طور پر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر جمی ہوئی ہیں، جو ملک کو بہتری اور ترقی کی راہ پر لے جا سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کپتان کے بغیر نظام قبول نہیں،رہائی تک جدوجہد جاری رہے گی،سردار عبدالقیوم نیازی

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی سیاسی ، سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ قیادت شفاف ، عوامی مسائل کی حل تلاش کرنے والی اور ملک کی بھلائی کے لیے کام کرنے والی ہو ۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی پارٹی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پوری قوم کے اتحاد کی ضرورت اس وقت پہلے سے زیادہ ہے ۔

عبدالقیوم نیازی نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کسی بھی طرح کی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان اور آزاد کشمیر اسکا بھرپور جواب دیں گے، اور دنیا اس قوت اور یکجہتی کی گواہ بنے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں، سردار عبدالقیوم نیازی کا پیغام

انہوں نے پریس کانفرنس کے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی ، آئین کی بالادستی اور سلامتی کے تحفظ کیلئے متحد رہیں اور قیادت کے انتخاب میں شعور اور حکمت کا مظاہرہ کریں ۔

Scroll to Top