ڈاکٹر مشتاق

حلقہ 6 میں نظام اور قیادت کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی، ڈاکٹر مشتاق خان

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام حلقہ چھ کے علاقے سراں میں بدلو نظام ورکر کنونشن” کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع جہلم ویلی کے مختلف علاقوں سراں، سلیمہ، ہٹیاں بالا، سینا دامن، امراساون، کچھا، چناری، چکوٹھی، چکہامہ، کٹھائی اور گوجر بانڈی سے تعلق رکھنے والے عوام نے بھرپور شرکت کی ۔

کنونشن سے امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان ڈاکٹر راجہ مشتاق خان نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ چھ میں سیاسی نظام اور قیادت کی تبدیلی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ عوام کے حقوق کی بحالی، عدل و انصاف کے قیام اور میرٹ کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ نظامِ مصطفیٰ ؐ کے اصولوں کے مطابق حکمرانی کا نظام قائم کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کرپٹ سیاسی نظام نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ بار بار حکومتیں بنانے والے نہ کشمیر کی آزادی کے لیے عملی کردار ادا کر سکے اور نہ ہی عوامی مسائل حل کر پائے۔ انہوں نے کہا کہ 45 لاکھ آبادی والے اس خطے میں اربوں روپے کا بجٹ خرچ ہونے کے باوجود عوام کی حالت زار تبدیل نہیں ہو سکی، نہ صحت، نہ تعلیم اور نہ ہی روزگار کے مواقع بہتر بنائے جا سکے ۔

ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں خواتین اور نوجوان سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ خواتین کی بڑی تعداد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جبکہ نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح 24 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔ یہ صورت حال فرسودہ اور استحصالی نظام کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسئلہ کشمیر زندہ ، مودی کے دن گنے جاچکے ہیں،مسلم ممالک کمزور پالیسیاں ترک کریں ، ڈاکٹر مشتاق خان

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی آج سے پورے آزاد کشمیر میں ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کر رہی ہے اور ہر ضلع میں ورکر کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔ عوام کی امیدیں صرف جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں اور ہم انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ضلع سے دو مرتبہ وزیر اعظم بننے والے نمائندے بھی عوام کو کوئی بڑا تعلیمی ادارہ، یونیورسٹی یا روزگار کے مواقع فراہم نہ کر سکے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ایسی قیادت کو مسترد کریں جو صرف اقتدار کے مزے لیتی رہی ۔

کنونشن کے شرکاء نے ہاتھ کھڑے کر کے قیادت کی تبدیلی کے عزم کا اظہار کیا جس پر ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا کہ یہ واضح پیغام ہے کہ اس بار حلقہ چھ کے عوام حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جہلم ویلی میں خواتین ونگ کی سربراہ غزالہ اشرف کو مقرر کر دیا گیا ہے جو خواتین کی نمائندگی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی ۔

انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے کہا کہ جہلم ویلی کشمیر کی آزادی کا گیٹ وے ہے اور جماعت اسلامی اس خطے کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنائے گی۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دیتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بجلی پیدا کرنیوالے خطے میں لوڈشیڈنگ حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت، ڈاکٹر مشتاق خان

ڈاکٹر مشتاق خان نے مسلح افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔

Scroll to Top