وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے، سندھ حکومت کاشاندار استقبال کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہمراہ تین روزے دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اسٹریٹ موومنٹ کے ساتھ ساتھ اہم ملاقاتیں اور مزار قائد پر جلسہ کریں گے جبکہ سندھ حکومت نے قافلے کےا ستقبال کا اعلان کیا ہے۔

کراچی روانگی سے قبل جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اپنے بانی چیئرمین کا پیغام لے کر سندھ جا رہے ہیں ، ان کا یہ دورہ 3 روزہ ہوگا، جس کے دوران وہ مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کا مریم نواز کو کے پی میں جلسے کا چیلنج،کئی شکوے بھی کردیئے

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری میں سب کو بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔ 11 جنوری بروز اتوار شام 4 بجے مزار قائد پر جلسہ منعقد ہوگا، جس کی بھرپور تیاری کی جائے ۔ یہ کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا۔

بعد ازاں سہیل آفریدی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے ۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین، خیبرپختونخوا سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔

دوسری جانب صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کے حوالے سے بتایا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر سندھ کا یہ دورہ اسٹریٹ موومنٹ میں مزید تیزی لانے کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ آج انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے ملاقاتوں کے بعد پریس کلب کا دورہ کریں گے، جب کہ پیر کے روز وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر سے پی ٹی آئی ختم ہوگئی، الیکشن 6ماہ بعد ہوں گے،فیصل راٹھور

اسی طرح 11 جنوری کو مزار قائد پر بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ آج ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی میں اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ جیل اسیران سے بھی ملاقات کریں گے۔

ادھر صوبائی وزیر ناصر شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا سہیل آفریدی کا استقبال کیا جائیگا جبکہ پی ٹی آئی لیڈرشپ کیساتھ جلسہ کے حوالے سے بھی بات چیت ہو رہی ہے۔

Scroll to Top