کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کی حمایت کر دی ہے ۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا جھکاؤ واضح طور پر بھارت کے حق میں نظر آتا ہے، حالانکہ یہ ادارہ کسی ایک ملک کے مفادات کے لیے نہیں بلکہ تمام رکن ممالک کی نمائندگی اور کرکٹ کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ آئی سی سی کو انڈین کرکٹ کونسل سمجھنے کی بجائے ایک غیرجانبدار عالمی ادارے کے طور پر کام کرنا چاہیے ۔ انکا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا بھارت نہ جانے کا فیصلہ حالات کے تناظر میں درست اور قابلِ فہم ہے، اور اب یہ آئی سی سی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے میچز کسی متبادل مقام پر منتقل کرے تاکہ ٹیم کو کسی قسم کے دباؤ یا نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈکپ 2026 ، بنگلادیش کا ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ کرکٹرز ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کے خواہشمند ہوتے ہیں اور ہر ملک چاہتا ہے کہ اس کے ہاں بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیاں ہوں، کیونکہ اس سے نہ صرف کھیل کو فروغ ملتا ہے بلکہ عوام میں جوش و خروش بھی پیدا ہوتا ہے۔ تاہم، جب فیصلے غیرمتوازن ہوں تو مسائل جنم لیتے ہیں ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ بظاہر کرکٹ کے فروغ کے خواہاں ہیں ، لیکن بھارت کی جانب سے مکمل تعاون نہ ملنے کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے ۔ ایسے میں آئی سی سی کو واضح، منصفانہ اور جرات مندانہ فیصلہ کرنا ہوگا تاکہ تمام رکن ممالک کا اعتماد بحال رہے ۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ سکیورٹی اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر بنگلہ دیشی ٹیم بھارت کا دورہ نہیں کرے گی، جس کے بعد بین الاقوامی کرکٹ حلقوں میں اس فیصلے پر بحث جاری ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بگ بیش ٹی20 لیگ، ہوبارٹ ہریکینز نےسڈنی تھنڈرکو 6 وکٹ سے شکست دیدی




