ہونڈا

سال 2026: ہونڈا CG 125 کی نئی قیمت اور فیچرز سامنے آ گئے

لاہور ( کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان میں موٹر سائیکل صارفین کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ہونڈا نے اپنی مقبول ترین موٹر سائیکل CG 125 کا 2026 ماڈل باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ہونڈا CG 125 کا 2026 ماڈل 2 لاکھ 38 ہزار 900 روپے میں دستیاب ہوگا۔ اگرچہ قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، تاہم اپنی مضبوط باڈی، قابلِ اعتماد انجن اور کم خرچ مینٹیننس کی بدولت CG 125 بدستور صارفین کی اولین پسند بنی ہوئی ہے ۔

ہونڈا کا کہنا ہے کہ 2025 اور 2026 کے ماڈلز میں کوئی نمایاں مکینیکل تبدیلی متعارف نہیں کرائی گئی، البتہ موٹر سائیکل میں نئی گرافکس اور معمولی ظاہری بہتری ضرور کی گئی ہے۔ اسی وجہ سے متعدد صارفین اس ماڈل کو مکمل اپ گریڈ کے بجائے پچھلے ماڈل کا تسلسل قرار دے رہے ہیں ۔

انجن اور تکنیکی خصوصیات:
ہونڈا CG 125 (2026) میں یورو II معیار کے مطابق 4-اسٹروک OHV، ایئر کولڈ انجن نصب کیا گیا ہے۔ انجن کا بور اور اسٹروک 56.5 x 49.5 ملی میٹر ہے۔ موٹر سائیکل میں 9.2 لیٹر فیول ٹینک موجود ہے جبکہ 2 لیٹر ریزرو کپیسٹی بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش گیئر باکس شامل ہے جو ہموار رائیڈ کو یقینی بناتا ہے ۔

ڈائمینشنز اور آرام دہ رائیڈ:
CG 125 کے مجموعی ڈائمینشنز 1912 x 735 x 1026 ملی میٹر ہیں۔ 132 ملی میٹر گراؤنڈ کلیئرنس اسے پاکستانی سڑکوں کے لیے موزوں بناتی ہے، جبکہ 764 ملی میٹر سیٹ ہائٹ عام قد کے افراد کے لیے آرام دہ ہے ۔ 1204 ملی میٹر وہیل بیس موٹر سائیکل کو بہتر استحکام فراہم کرتا ہے ۔

سسپنشن، ٹائر اور وزن:
موٹر سائیکل کے اگلے حصے میں ٹیلی اسکوپک فورک دیا گیا ہے جس کا ٹریول 103 ملی میٹر ہے، جبکہ پچھلے حصے میں سوئنگ آرم سسپنشن 68 ملی میٹر ٹریول کے ساتھ موجود ہے ۔ فرنٹ ٹائر 2.50–18 (4 PR) اور ریئر ٹائر 3.00–17 (6 PR) سائز میں فراہم کیے گئے ہیں ۔ CG 125 کا ڈرائی ویٹ 100 کلوگرام ہے جو بہتر توازن اور کنٹرول میں مدد دیتا ہے۔

فیچرز، ڈیزائن اور مینٹیننس:
ہونڈا CG 125 بدستور کک اسٹارٹ فیچر کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے اور اس میں رولر چین استعمال کی گئی ہے۔ ڈیزائن میں معمولی تبدیلیوں کے تحت اونچی پلین سیٹ اور پچھلے انڈیکیٹرز کی پوزیشن میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ چونکہ اس کے اسپیئر پارٹس ملک بھر میں آسانی سے دستیاب ہیں اور مکینکس اس کے سسٹم سے بخوبی واقف ہیں، اس لیے اس کی مینٹیننس کم خرچ رہتی ہے ۔

مائلیج اور مجموعی جائزہ:
ہونڈا CG 125 اوسطاً 45 کلومیٹر فی لیٹر تک فیول ایوریج فراہم کرتی ہے، جو روزمرہ استعمال کے ساتھ ساتھ طویل سفر کے لیے بھی موزوں ہے۔ مجموعی طور پر قیمت میں اضافے کے باوجود CG 125 (2026) اب بھی پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اور قابلِ اعتماد موٹر سائیکلوں میں شامل ہے ۔

Scroll to Top