شاردا

وادی نیلم، سرد موسم ،برفباری ،شاہراہ شاردا پر نمک کا چھڑکاؤ، ٹریفک آمدو رفت کیلئے بحال

نیلم (کشمیر ڈیجیٹل )سرد موسم اور حالیہ برف باری کے باعث شاردا کی مین شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر محکمۂ شاہرات کے سب ڈویژن کے اہلکاروں نے مختلف مقامات پر نمک کا چھڑکاؤ کر کے سڑک کو آمدورفت کیلئے بحال کر دیا ۔

محکمۂ شاہرات کے حکام کے مطابق شدید سردی کے دوران شاہراہ پر برف جمنے سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے ۔

اسی لیے عملے کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اہم مقامات، موڑوں اور ڈھلوانوں پر خصوصی طور پر نمک کا چھڑکاؤ کریں تاکہ گاڑیوں کو پھسلن سے بچایا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم ویلی میں شدید برف باری، رابطہ سڑکیں جزوی طور پر بند

اہلکاروں نے بتایا کہ نمک کے استعمال سے برف جلد پگھل جاتی ہے اور سڑک کی سطح بہتر ہو جاتی ہے، جس سے ٹریفک بحال رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

عملہ ہمہ وقت شاہراہ کی نگرانی کر رہا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور دیگر وسائل تیار رکھے گئے ہیں ۔

مقامی افراد اور مسافروں نے محکمۂ شاہرات کے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمک کے چھڑکاؤ کی بدولت سفر میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور حادثات کے امکانات میں بھی کمی آئی ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں تو سرد موسم کے دوران ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکا میں بارش اور شدید برف باری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا

محکمۂ شاہرات کی جانب سے ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، رفتار کم رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔

Scroll to Top