عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے موثر میکانزم متعارف کروا دیا، فیصل ممتاز راٹھور

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھورنے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو قائم ہوئے تیس دن مکمل ہو چکے ہیں اور اس مختصر عرصے میں عوامی فلاح، گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دیدی اور موجودہ حکومت بھی اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش :ایک اور نوجوان رہنما پر قاتلانہ حملہ، حالات مزید کشیدہ

انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی صحت، تعلیم، توانائی، سڑکوں کی تعمیر، روزگار کے مواقع اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے واضح حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تیس دن کے دوران سرکاری محکموں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانے، عوامی دفاتر کو فعال کرنے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے مؤثر میکانزم متعارف کروایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزراء اور افسران کو عوام کے درمیان رہنے اور مسائل براہِ راست سننے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ آزادکشمیر میں جج کی تعیناتی،3رکنی پینل وزیراعظم پاکستان کو ارسال

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور بنیادی مراکز صحت، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی پروگرامز ترتیب دیے جا رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکا کا انڈیا فرسٹ دور ختم، پاکستان کو خارجہ پالیسی میں فوقیت

انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مؤثر آواز اٹھانا ہماری آئینی، اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت آنے والے دنوں میں عوامی فلاح کے مزید منصوبوں کا اعلان کرے گی اور آزادکشمیر کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہی پیپلز پارٹی کی اصل کامیابی ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھے گی

Scroll to Top