ورلڈ کپ

پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانا میرا سب سے بڑا خواب ہے : بابر اعظم

لاہور:پاکستان کے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان بابراعظم نے کہا ہے ان کا سب سے بڑا خواب پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانا ہے، اور وہ اس مقصد کے حصول کیلئے ہر ممکن محنت کر رہے ہیں ۔

سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن کو د ئیےگئے خصوصی انٹرویو میں بابر اعظم نے اپنے کیریئر کے اہم لمحات، موجودہ اہداف اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیل سے گفتگو کی ۔

بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ہمیشہ اُن کے لیے فخر کا باعث رہا ہے لیکن قومی ٹیم کو عالمی ٹائٹل دلانا اُن کا دیرینہ خواب ہے جس کے لیے وہ مسلسل کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بطور کپتان بھارت کو ٹی 20ورلڈ کپ میں شکست دینا ان کے کیریئر کا یادگار لمحہ تھا ۔ روایتی حریف کیخلاف بڑی کامیابی حاصل کرنا نہ صرف اُن کیلئے بلکہ پوری قوم کیلئے خوشی کا باعث بنا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 کرکٹ میں 9ویں مرتبہ صفر پر آؤٹ : بابر اعظم نے شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا

اپنی فٹنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ وہ جدید کرکٹ کے تقاضوں کو سمجھتے ہیں اور اسی لیے فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ فٹنس کسی بھی کرکٹر کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور وہ اس پہلو پر مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ طویل عرصے تک قومی ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی دکھا سکیں ۔

بابر نے اعتراف کیا کہ پاکستان ٹیم نے گزشتہ چند برسوں میں کئی بڑے مقابلوں میں شاندار کھیل پیش کیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن بدقسمتی سے ٹائٹل اپنے نام نہ کر سکے ۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں غلطیاں ہو جاتی ہیں اور ہر کھلاڑی سے کبھی نہ کبھی بہتر فیصلے کی توقع کے باوجود کوتاہی ہو سکتی ہے، لیکن اصل بات ان غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہے ۔

Scroll to Top