وادی نیلم ( کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے وادی نیلم کے دورہ کے دوران مختلف مقامات پر استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمود ٹوٹ چکا ہے۔۔
عوام کی نمائندہ حکومت عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی،آزادکشمیر میں طویل عرصے بعد پیپلز پارٹی کو عوامی خدمت کا موقع ملا ہے،عوام کی محرومیوں کا ہر ممکن ازالہ کریں گے ،
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی،عوام سے رشتے کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے ۔۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کم وقت میں زیادہ کام کرنا ہے، انشاء اللہ فاسٹ ٹریک پر چیزوں کو لا کر عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے۔انہوں نےکہا کہ جلد ہیلتھ اور ایجوکیشن پیکج لا رہے ہیں۔
آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آج ہم پاکستان پیپلز پارٹی کا 58واں یومِ تاسیس منا رہے ہیں۔ اس تاریخی دن پر میں اپنے عظیم قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سرکل بکوٹ عوام کا احتجاج،مین شاہرہ بند،مسافر شدید مشکلات کا شکار
انہوں نے کہا کہ میں صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی ولولہ انگیز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوے پارٹی کے تمام جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔۔
جنہوں نے ’’اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری طاقت، سوشل ازم ہماری معیشت اور اقتدار کا سرچشمہ عوام‘‘ کے منشور کو ہمیشہ زندہ رکھا۔ یہ دن محض تاریخ کا ایک باب نہیں، بلکہ اپنے عہد کی تجدید کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہوزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی حیثیت سے مجھے فخر ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس خطے کے عوام کے حقوق، ان کی ترقی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایک مضبوط اور غیر متزلزل موقف اپنایا۔
ہم بھٹو صاحب کے اُس وژن پر کاربند ہیں جس میں ریاست کی تمام اکائیوں کی مساوی ترقی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ہمارا موجودہ عوامی مینڈیٹ اس اعتماد کا ثبوت ہے۔ ہم یہاں کے غریب، محنت کش اور متوسط طبقے کیلئے امید کا پیغام بن کر آئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں معاشی بوجھ کم کرنا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مضبوط کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہر پالیسی میرٹ، شفافیت اور احتساب کے اصولوں پر مبنی ہوگی۔
ہم بیوروکریسی کو عوام کا خادم بنائیں گے اور اداروں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ میرا وژن ہے کہ آزاد کشمیر کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو باوقار اور روشن مستقبل میسر آ سکے۔
آج کے دن ہم اپنے قائدین کے خواب کی تکمیل کا عہد کرتے ہیں—ایک ایسا آزاد کشمیر جہاں انصاف ہو، محرومی کا خاتمہ ہو اور جمہوریت ہی بہترین انتقام ثابت ہو۔ہم سب مل کر عوامی طاقت، جمہوریت اور ترقی کے اس سفر کو مزید مضبوط بنائیں گے۔




