آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری، سردی میں اضافہ

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند روز سے جاری بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بالآخر تھم گیا ہے۔ مظفرآباد، لیپہ، بالائی نیلم اور پیر چناسی سمیت متعدد بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

گزشتہ شب لیپہ، بالائی نیلم، مظفرآباد پیر چناسی، کوہِ مکڑا اور کوہِ پیرہسی مار کے مقامات پر برفباری ہوئی جس کے بعد پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ مقامی ذرائع کے مطابق موسم سرما کی یہ پہلی برفباری ہے جس نے مظفرآباد کے قدرتی حسن میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیپا،برفباری،پھسلن، بس دیوار سے ٹکرا گئی،50 سے زائد مسافر ریسکیو

صبح سویرے مظفرآباد اور گردونواح میں گہری دھند چھائی ہوئی ہے جس سے حدِ نگاہ میں کمی واقع ہوئی اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ شہریوں نے بتایا کہ صبح کے اوقات میں گاڑیوں کی رفتار سست ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ وادی لیپہ، بالائی نیلم اور دیگر سیاحتی علاقوں کی شاہراہوں پر پھسلن کی وجہ سے سفر میں دشواری پیش آرہی ہے۔ برف جمنے سے سڑکیں چکنی ہوگئی ہیں جس کے باعث مقامی انتظامیہ نے سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کاغان ناران،موسم سرما کی پہلی برفباری،سینکڑوں سیاح پھنس گئے

اس حوالے سے ایس ڈی ایم اے مظفرآباد نے سیاحوں اور مقامی افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق سیاح صرف دن کے وقت سفر کریں اور برفباری والے علاقوں میں اضافی احتیاط برتیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

پہاڑوں سے چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ سیاحتی مقام پیر چناسی میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، جبکہ مقامی آبادی نے موسم سرما کی پہلی برفباری کو خوشی سے خوش آمدید کہا ہے۔

Scroll to Top