امریکا میں مقامی و ریاستی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، تاہم ابتدائی نتائج کے مطابق ورجینیا اور نیو جرسی میں ڈیموکریٹس نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ان دونوں ریاستوں میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدواروں نے تاریخی کامیابیاں سمیٹی ہیں، جبکہ ری پبلکن امیدواروں کو کئی اہم نشستوں پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ریاست ورجینیا میں گورنر اور لیفٹینینٹ گورنر کے انتخابات میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے نتائج نے سیاسی منظرنامے کو ہلا دیا۔ ورجینیا میں ڈیموکریٹس نے تاریخی فتح حاصل کی ہے، جہاں ڈیموکریٹ امیدوار ایبی گیل اسپین برجر ریاست کی پہلی خاتون گورنر منتخب ہوگئی ہیں۔ یہ کامیابی نہ صرف ڈیموکریٹ پارٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ خواتین کی سیاسی قیادت کے میدان میں بھی ایک نمایاں پیش رفت ہے۔
اسی ریاست میں ڈیموکریٹ پارٹی کی ایک اور امیدوار غزالہ ہاشمی نے نائب گورنر کا انتخاب جیت لیا ہے۔ وہ پہلی بھارتی نژاد اور پہلی مسلم خاتون نائب گورنر بنی ہیں۔ غزالہ ہاشمی پچھلے برس دوسری بار سینیٹر منتخب ہوئی تھیں اور انہیں ورجینیا کی پہلی مسلم اور جنوبی ایشیائی امریکن خاتون سینیٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی کامیابی نے ریاستی سطح پر تنوع اور شمولیت کے نئے دور کی شروعات کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود مسلم امیدوار زہران ممدانی نیویارک سٹی کے میئر منتخب
دوسری جانب، ریاست نیوجرسی میں گورنر کے انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار میکی شیرل کامیاب ہوگئی ہیں۔ ان کا مقابلہ ری پبلکن امیدوار اور ریاست کے سابق رکن اسمبلی جیک چیٹریلی سے تھا۔ مائیکی شیریل کی فتح نے نیو جرسی میں ڈیموکریٹس کی پوزیشن مزید مضبوط کردی ہے۔
نیوجرسی کے شہر جرسی میں پاکستانی نژاد مصعب علی بھی مئیر کا الیکشن لڑرہے ہیں۔ لاہور میں پیدا ہونے والے مصعب علی سن 2000 میں اپنے والدین کے ہمراہ جرسی سٹی منتقل ہوئے۔ نائن الیون کے بعد ان کے والد کو نوکری سے برخاست کردیا گیا جبکہ ان کی والدہ، جو ایک ٹیچر ہیں، کو حجاب کرنے پر شدید تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے اقوام متحدہ سے غزہ میں عالمی فوج کی تعیناتی کیلئے منظوری مانگ لی
ادھر امریکی میڈیا کے مطابق اٹلانٹا کے میئر کے انتخاب میں آندرے ڈکنز دوسری مدت کے لیے دوبارہ میئر منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کی کامیابی نے جنوبی ریاستوں میں ڈیموکریٹس کے تسلسل کو مزید مضبوط کیا ہے۔




