وادیِ لیپہ میں شدید برفباری، پاک فوج نے 52 مسافروں کوبروقت ریسکیو کر لیا

مظفرآباد: گزشتہ رات وادیِ لیپہ میں ہونے والی شدید برفباری کے باعث مظفرآباد سے آنے والی دو بسیں اور دو گاڑیاں مڈ وے کے مقام پر برف میں پھنس گئیں۔ ان گاڑیوں میں 52 مسافر سوار تھے جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے۔ شدید برفباری کے ساتھ درجہ حرارت منفی میں گر جانے سے حالات انتہائی سنگین ہو گئے اور مسافروں کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا۔

اطلاع ملتے ہی کمانڈر لیپہ گارڈ کی ہدایت پر مقامی یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر فوری طور پر حرکت میں آئے۔ انہوں نے ریسکیو ٹیم، ڈاکٹرز، ضروری ادویات، کمبل اور خوراک کے ساتھ موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ برف سے ڈھکے راستوں میں فوجی جوانوں نے نہایت بہادری، فرض شناسی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت کارروائیاں انجام دیں۔

ریسکیو ٹیم نے تمام 52 مسافروں کو بحفاظت یونٹ ہیڈکوارٹر منتقل کیا، جہاں انہیں فوری میڈیکل امداد فراہم کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کو گرم کھانا، کمبل اور عارضی رہائش بھی دی گئی تاکہ وہ سخت سردی میں محفوظ رہ سکیں۔ پاک فوج کے اس بروقت اور مؤثر اقدام نے درجنوں قیمتی جانوں کو بچا لیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری، سردی میں اضافہ

بعد ازاں، تمام مسافروں کو ان کی منزلِ مقصود تک بحفاظت پہنچا دیا گیا۔ وادیِ لیپہ کے عوام نے پاک فوج کے اس عمل کو بھرپور سراہا اور کمانڈر لیپہ گارڈ، مقامی یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر اور دیگر اہلکاروں کا دلی شکریہ ادا کیا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف سرحدوں کی محافظ نہیں بلکہ عوام کے دلوں کی بھی محافظ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیشگوئی

یہ واقعہ وادیِ لیپہ میں خدمتِ انسانیت کی ایک روشن مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جہاں برفباری کے دوران پاک فوج نے انسانیت، فرض شناسی اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

Scroll to Top