محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی، کہاں کہاں بادل برسیں گے؟

اسلام آباد:ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے تاہم بالائی علاقوں،آزادکشمیر، خطہ پوٹھوہار اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم:بارش،پہاڑوں پرہلکی برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام اور رات کے اوقات میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم رات کے اوقات میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ دن کے دوران گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم کراچی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لیپہ ویلی: گرج چمک کیساتھ بارش، تیز سرد ہوائیں،موسم تبدیل، گرم کپڑے نکل آئے

 بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے دوران گرم رہے گا، تاہم ژوب، بارکھان، خضدار، موسیٰ خیل اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر مقامات جبکہ کشمیر اور بارکھان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش منڈی بہاؤالدین میں 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔